سنگین چیلنجز کے باوجود بھی صوبے کی پولیس جرائم کی بیخ کنی میں ایک اہم اور کلیدی کردار ادا کر رہی ہے،اسد قیصر

جمعہ 3 جولائی 2015 21:18

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء ) سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہمیں مختلف سنگین چیلنجز کا سامنا ہے مگر اس کے باوجود بھی صوبے کی پولیس جرائم کی بیخ کنی میں ایک اہم اور کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔وہ اسمبلی سیکرٹریٹ میں علاقہ ہشتنگری پشاور کے کچھی محلہ میں چار بہنوں کے قتل کے دلخراش واقعہ کے مرتکب ملزموں کو چوبیس گھنٹوں کے اندر گرفتار کرنے والے پولیس افروں صاحبزادہ سجاد احمد ڈی ایس پی او سٹی ٹو‘ سید ریاض علی شاہ ایس ایچ او تھانہ شہید گل فت حسین اور نور حیدر ایس ایچ او پولیس سٹیشن کوتوالی کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد دینے کی ایک پروقار تقریب سے خطاب کر رہے تھے تقریب میں اے آئی جی ہیڈ کوارٹر میاں محمد آصف‘ ایس ایس پی اعجاز خان‘ ایس ایس پی آپریشن میاں محمد سعید‘ سیکرٹری صوبائی اسمبلی امان اللہ خان اور اعلیٰ پولیس افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ صوبہ بالخصوص شہر پشاور ایک مشکل صورتحال سے گزررہا ہے اور ہماری پولیس کی تاریخ لازوال قربانیوں سے بھری پڑی ہے انہوں نے کہا کہ ہماری پولیس جن مشکل حالات سے گزر رہی ہے اس کیلئے پولیس کی حوصلہ افزائی کرنا ہماری سوسائٹی کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کیس میں پولیس نے جس جوانمردی اور فوری کارروائی کا مظاہرہ کیا ہے اس سے صوبائی حکومت کی ہر سطح پر پذیرائی ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ اس کیس میں جن پولیس افسروں کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد پیش کی جارہی ہیں یہ صوبے کی پوری پولیس کی احسن کارکردگی کا اعتراف ہے اور اس کا تمام تر سہرا صوبے بھر کی پولیس کے سرجاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو شہدا پیکج کے تحت معاوضہ ادا کرنے کی بھر پور کوشش کی جارہی ہے۔سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ قوموں پر مشکل حالات آتے ہیں اور ہماری پولیس پر خطر حالات کے باوجود بھی پوری جوانمردی و جانفشانی اور ملی و مذہبی جوش و جذبے سے اپنے فرائض پوری دیانت و صداقت سے انجام دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس میں مزید اصلاحات بھی کی جارہی ہیں انہوں نے کہا کہ اس کارکردگی کے بعد ہماری پولیس پر ذمہ داریوں میں اور بھی اضافہ ہوگیا ہے اور ہماری پولیس میں عوام دوستی کے رشتے کو مزید فروغ دینا ہوگا انہوں نے کہا کہ اس وقت ہماری پولیس نے عوام کا اعتماد حاصل کرلیا ہے اور اس اعتماد کو برقرار رکھنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی پولیس میاں محمد آصف نے اس تقریب کے انعقاد کیلئے سپیکر اسد قیصر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس تقریب کے انعقاد سے ہماری پولیس کے عزم و حوصلے کو ایک قوت بخشی ہے اور ان میں زوق شوق سے فرائض منتقی کی ادائیگی میں مزید عزم حوصلہ پیدا ہوگا تقریب سے ڈائریکٹر آئی ٹی عطاء اللہ خان نے بھی خطاب کیا۔`

متعلقہ عنوان :