پاک فضائیہ کسی بھی قسم کے خطرے کا بھرپور جواب دینے کیلئے مکمل تیار ہے: ائیر چیف

جمعہ 3 جولائی 2015 21:02

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) پاک فضائیہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے، تاہم پاک فضائیہ روائتی خطرے کی موجودگی کو جھٹلایا نہیں جا سکتا اور پاک فضائیہ کسی بھی قسم کے خطرے کا بھر پور جواب دینے کے لئے مکمل تیار ہے " ۔ یہ بات پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے پاک فضائیہ کے 45 ویں کمبیٹ کمانڈرز کورس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

یہ تقریب پاکستان ائیر فورس بیس مصحف (سرگودھا) میں واقع کمبیٹ کمانڈرز سکول میں منعقد ہوئی۔ جس کے مہمان خصوصی پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان تھے ۔ پاک فضائیہ کے سربراہ نے گریجویٹ ہونے والے کمبیٹ کمانڈرز سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ " کمبیٹ کمانڈر ز سکول پاک فضائیہ کے پائلٹس اور ائیر ڈیفنس کنٹرولرز کو لڑاکا تربیت فراہم کرنے میں ایک محور کا کردار ادا کرتا ہے اور اسے اپنے آپ کو فضائی قوت کے استعمال میں ہونے والی جدیدرجحانات سے آگاہ رہنے کے لئے ہمہ وقت ارتقائی مراحل سے گزرنا ہوتاہے۔

(جاری ہے)

ہمیں بہترین سے کم ترکسی چیز کی جستجو نہیں کرنی اور اپنے اثاثہ جات کو مو ئثر طور پر استعمال کرنا ہے، جس میں ہمارے پیش نظرسب سے اہم عنصر فلائیٹ سیفٹی ہونی چاہیئے ۔ یہاں ہونے والی ان فضائی مشقوں نے پاک فضائیہ کے لڑاکا دستے کو ہر طرح کے آپریشنز کو مہارت کے ساتھ مکمل کرنے کا اعتماد دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ “ مہمان خصوصی ائیر چیف مارشل سہیل امان نے اس موقع پر گریجوٹینگ آفیسرز میں سرٹیفکیٹ اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والوں میں ٹرافیاں تقسیم کیں۔

بہترین کمبیٹ کمانڈرکی چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافی سکواڈرن لیڈر حماد فاروقی نے حاصل کی جبکہ بہترین کمبیٹ کنٹرولر کی ائیر آفیسر کمانڈنگ ائیر ڈیفنس کمانڈ ٹرافی سکواڈرن لیڈر محمدسلیم نے حاصل کی۔ تقریب میں پرنسپل سٹاف آفیسر ز کے علاوہ پاک فضائیہ کے فیلڈ کمانڈرز نے بھی شرکت کی۔ `

متعلقہ عنوان :