کراچی سٹاک ایکسچینج ایشیاء میں منافع کے لحاظ سے ویت نام کے بعد دوسری بہترین مارکیٹ قرار دیا گیا ہے ‘ سید عاصم ظفر ، جاوید اقبال

کراچی سٹاک مارکیٹ میں تیزی کی بنیادی وجہ ملک میں سیاسی استحکام اور حکومت کی معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے ‘ مشترکہ بیان

جمعہ 3 جولائی 2015 20:52

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء ) کراچی سٹاک ایکسچینج ایشیاء میں منافع کے لحاظ سے ویت نام کے بعد دوسری بہترین مارکیٹ قرار دیا گیا ہے ۔گزشتہ ایک ماہ کے دوران کے ایس ای 100انڈیکس میں مجموعی طور پر 1500پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے جبکہ گزشتہ سال جون کے مقابلے میں اس سال جون 2015ء میں کراچی سٹاک مارکیٹ کے انڈیکس میں 41فیصد اضافہ ہوا ہے ۔

اس حوالے سے لاہور سٹاک ایکسچینج کے سابق چیئرمین سید عاصم ظفر اور سینئر بروکر جاوید اقبال نے بتایا کہ کراچی سٹاک مارکیٹ میں تیزی کی بنیادی وجہ ملک میں سیاسی استحکام اور حکومت کی معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔پاک چین اقتصادی راہداری،گوادر بندرگاہ کا منصوبہ اور لاہور کراچی موٹر وے کی تعمیر سمیت توانائی کے منصوبوں کا آغاز ہونے کے باعث سٹاک مارکیٹ میں تیزی آئی ہوئی ہے اور اس وقت کے ایس ای 100انڈیکس 35ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر چکا ہے اور توقع ہے کہ عیدالفطر کے بعد کراچی سٹاک مارکیٹ میں تیزی کی نئی لہر آئے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ملک میں شرح سود سات فیصد تک آنے سے بھی سٹاک مارکیٹ میں نئی سرمایہ کاری آئی ہے ۔سیمنٹ،انرجی،سروسز سیکٹر اور فرٹیلائزکے شعبوں کی کمپنیوں کے حصص میں تیزی آئی ہے جس کے اثرات سٹاک مارکیٹ پر مثبت پڑ رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ چینی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں مختلف شعبوں میں وسیع پیمانے پر سرمایہ کاری کرنے کی اطلاعات نے بھی سٹاک مارکیٹ کو مستحکم کیا ہے ۔میوچل فنڈز،بیرونی فنڈز اور بڑے بروکریج ہاؤسز کی جانب سے بھی سٹاک مارکیٹ میں مسلسل سرمایہ کاری ہو رہی ہے جس کی وجہ سے کے ایس ای 100انڈیکس میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث چھوٹے سرمایہ کاروں کو بھی فائدہ پہنچ رہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :