2015پاکستان کے عوام کے لئے خوش آئند سال ثابت ہوگا، وہ وقت دور نہیں جب ایک بار پھر کراچی روشنیوں اور بھائی چارگی کا شہر بن جائے گا، حکمرانوں کو اپنے کئے کا حساب دینا پڑے گا

پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری کی استقبالیہ کیمپ کے دورے کے موقع پر بات چیت

جمعہ 3 جولائی 2015 20:23

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء ) پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ سال 2015 پاکستان کے عوام کے لئے خوش آئندہ سال ثابت ہوگا، ہماری پاک فوج، رینجرز اور دیگر امن و امان کی بحالی کے اداروں کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف جس طرح کاروائیاں کی جارہی ہیں وہ دن دور نہیں جب ہم 1980 سے قبل کے پرامن اور محب وطن عوام سے بھرپور پاکستانیوں کی طرح زندگی گزارنے کے قابل ہوسکیں گے۔

ہمارے موجودہ اور سابقہ حکمرانوں نے اس ملک کے ساتھ جو کچھ کیا ہے، اب ان کو اس کا حساب دینا پڑے گا، وہ وقت دور نہیں جب ایک بار پھر یہ شہر روشنیوں اور بھائی چارگی کا شہر بن جائے گا۔ کراچی کی تاجر برادری اس ملک کی حقیقی شہ رگ ہے اور آج ہمیں فخر ہے کہ تاجر برادری نے اس ملک کے محب وطنوں اور ملک کے غداروں میں نمایاں فرق جان لیا ہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ شب آل کراچی تاجر اتحاد کے تحت جامع کلاتھ اور اﷲ والا مارکیٹ کے باہر لگائے گئے استقبالیہ کیمپ کے دورے کے موقع پر بات چیت کر رہے تھے ۔

اس موقع پر پاکستان سنی تحریک کی رابطہ کمیٹی کے ارکان فہیم الدین شیخ، شہزاد قادری اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ استقبالیہ کیمپ پر سربراہ سنی تحریک کی آمد پر آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عقیق میر، محمد آصف ،امان شاہ ،شیخ محمد علی ،شہزاد شاہ ،شمشاد بخاری ،سمیع اﷲ و دیگر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں سربراہ پی ایس ٹی محمد ثروت اعجاز قادری کو رمضان المبارک اور عید کے حوالے سے مارکیٹوں میں آل کراچی تاجر اتحاد اور اس میں شامل دیگر مارکیٹوں اور الائنسوں کے تحت کئے گئے انتظامات سے آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ کئی برسوں کے بعد اس برس رمضان المبارک کے دوران کراچی کی تاجر برادری نے سکھ کا سانس لیا ہے اور انہیں بھتہ خوروں اور دیگر جرائم پیشہ عناصر سے چھٹکارا حاصل ہوا ہے اور اس کا سہرا ہماری اعلیٰ فوجی قیادت اور رینجرز کا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن کے اعلان کے بعد پاکستان سنی تحریک نے نہ صرف پہلے ہی روز اس آپریشن کی مکمل حمایت کا اعلان کیا بلکہ پی ایس ٹی واحد سیاسی و مذہبی جماعت تھی، جس نے اپنی تنظیم میں ایسے عناصرکو ازخود فارغ کیا اور رینجرز کو مکمل اختیار دیا کہ وہ جب چاہیں اور جس جگہ چاہیں چھاپے مارے پی ایس ٹی ان کا مکمل ساتھ دے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم محب وطن پاکستانی ہیں اور ہماری محب وطنی پر ہمیں اپنے بانی و قائد محمد سلیم قادری اور بعد ازاں ہمارے شہید سربراہ محمد عباس قادری سمیت پوری قیادت کو ہم سے چھین لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ نشتر پارک میں ہم نے 63 جنازے اپنے کاندھوں پر اٹھائے لیکن ہم نے اپنی محب وطنی پر کسی قسم کی کوئی آنچ نہیں آنے دی۔ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان میں 1980سے قبل بھائی چارگی اور محبت کی فضا قائم تھی اور خصوصاً کراچی کو جو آج بھی اس ملک کی معیشت کی شہ رگ ہے اس کو عالمی سطح پر ایک پرامن اور روشنیوں کا شہر تسلیم کیا جاتا تھا۔

لیکن افسوس کہ 1980 کے بعد سے اس ملک اوربالخصوص کراچی میں دہشتگردوں، جرائم پیشہ عناصر، بھتہ خوروں اور لٹیروں نے اس شہر کے پرامن شہریوں کی زندگی کو اجیرن بنا دیا۔ اس شہر میں بھائی چارگی کو لسانی اور زبان کی بنیاد پر تقسیم کردیا گیا اور آج اس شہر کراچی کواس حالت تک پہنچا دیا گیا ہے کہ یہاں کا تاجر اور صنعتکار اس شہر تو کجا اس ملک میں بھی سرمایہ کاری سے خوف محسوس کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں پاک فوج کے سربراہ کو سلام پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے اس ملک سے انتہا پسندی اور دہشتگردی کے ساتھ ساتھ اس ملک اور بالخصوص کراچی میں قیام امن کے لئے اقدامات کئے اور آج اس کے ثمرات ہم کراچی کی مارکیٹوں اور یہاں کی تاجر برادری میں دیکھ رہے ہیں اور انشاء اﷲ وہ وقت دور نہیں جب ایک بار پھر یہ شہر روشنیوں اور بھائی چارگی کا شہر بن جائے گا۔

اس موقع پر آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر اور دیگر تاجر رہنماؤں نے سربراہ پی ایس ٹی محمد ثروت اعجاز قادری کو مارکیٹوں کا دورہ کرنے پر انہیں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ٹی واحد سیاسی و مذہبی جماعت ہے، جس نے تین سال قبل کراچی کی مارکیٹوں اور تاجروں کے ساتھ مل کر اس بات کا باقاعدہ اعلان کیا کہ پاکستان سنی تحریک کے نام سے کوئی بھی شخص ان سے جبری چندہ یا بھتہ طلب کرے تو نہ صرف اسے قانون نافذ کرنے والو ں کے حوالے کیا جائے بلکہ اس کی اطلاع بھی مرکز اور دیگر ذمہ داران کو دی جائے تاکہ اس کے خلاف قانونی سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور آج تک کسی بھی جماعت یا تنظیم نے اس طرح کا کوئی اقدام نہیں اٹھایا ۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ٹی کو یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ اس نے روز اول سے ہی کراچی کی تاجر برادری کے ہر جائز مسئلہ پر کئے جانے والے احتجاج میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اور آج ایک بار پھر پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کراچی کی تاجر برادری کا ساتھ دیتے ہوئے ہماری مارکیٹوں کا دورہ کیا اور ہمیں اپنے پھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے، جس پر ہم ثروت اعجاز قادری اور ان کے رفقاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

بعد ازاں محمد ثروت اعجاز قادری نے اﷲ والا مارکیٹ اور اطراف کی مارکیٹوں کا دورہ کیا اور تاجروں سے ان کے مسائل کے بارے میں دریافت کیا اور کہا کہ پی ایس ٹی نے ہمیشہ تاجروں کے ساتھ ہراول دستہ کا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی وہ اپنا بھرپور کردار اس ملک کی بقاء اور سالمیت کے لئے اس ملک کی شہ رگ معیشت کو استحکام بخشنے کے لئے کرتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :