سانحہ گوجرانوالہ میں شہید میجر عادل لاہور ،ٹرین ڈرائیور محمد ریاض فیصل آباد میں سپرد خاک

میجر عادل کی نماز جنازہ میں کور کمانڈر لاہور ،جی او سی ،ڈی جی رینجرز سمیت دیگر اعلیٰ فوجی افسران اور عزیز و اقارب کی شرکت محمد ریاض کی نماز جنازہ میں ڈی سی او ، آر پی او ، سی پی او ، ممبر قومی اسمبلی رانا افضل سمیت دیگر کی شرکت

جمعہ 3 جولائی 2015 20:22

لاہور/فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء ) سانحہ گوجرانوالہ میں شہید ہونیوالے میجر عادل کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا ،نماز جنازہ میں کور کمانڈر لاہور میجر جنرل نوید زمان ،جی او سی میجر جنرل طارق امان اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمر فاروق برکی سمیت دیگر اعلیٰ فوجی افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔

شہید میجر عادل کا جسد خاکی جمعہ کی صبح لاہور لایا گیا جہاں شہدا ء قبرستان کیولری گراؤنڈ میں نماز جنازہ ادا کی گئی ۔ نماز جنازہ میں کور کمانڈر لاہور نوید زمان ،جی او سی میجر جنرل طارق امان ، ڈی جی رینجر پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی سمیت دیگر اعلیٰ فوجی افسران ،جوانوں اورعزیز و اقارب کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ نماز جنازہ کے بعد شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا مانگی گئی ۔

(جاری ہے)

نماز جنازہ سے قبل شہید کو گارڈ آف آرنر بھی پیش کیا گیا اورفوجی قیادت کی طرف سے قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔ علاوہ ازیں ٹرین نہر میں گرنے سے جاں بحق ہونے والے ٹرین ڈرائیور محمد ریاض کو جمعہ کی صبح فیصل آباد میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کردیاگیا۔ قبل ازیں ڈرائیور محمد ریاض مرحوم کا جسد خاکی ان کی رہائش گاہ 49 اے بلاک ریلوے کالونی فیصل آباد سے اٹھایا گیا اور نماز جنازہ جامع مسجد محمود ریلوے کالونی فیصل آباد میں ادا کی گئی ۔

نماز جنازہ میں ڈی سی او فیصل آباد نور الامین مینگل ، آر پی او احسان طفیل ، سی پی او افضال کوثر ، ممبر قومی اسمبلی رانا محمد افضل خان ، پاکستان ریلوے کے اعلیٰ حکام سمیت عزیز و اقارب اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مرحوم کو بابا نور شاہ ولی ؒ قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ۔