خواتین کے بغیر ترقی ممکن نہیں، پاکستانی خواتین ہر میدان میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں، خواتین کی صلاحیتوں کومزید نکھارنے کیلئے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے

وزیر مملکت کیڈ عثمان ابراہیم کا ہوم اکنامکس اینڈ مینجمنٹ سائنس کالج برائے خواتین کا سنگ بنیادرکھنے کی تقریب سے خطاب

جمعہ 3 جولائی 2015 20:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء)وزیر مملکت برائے دار الحکومتی انتظام و ترقی ڈویژن بیرسٹر عثمان ابراہیم نے کہا ہے کہ خواتین کے بغیر ترقی ممکن نہیں، پاکستانی خواتین ہر میدان میں مردوں کے شانہ بشانہ کام کر رہی ہیں، یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ خواتین کو مواقع فراہم کرے تا کہ ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارا جائے۔ وہ جمعہ کو یہاں ایف الیون ہوم اکنامکس اینڈ مینجمنٹ سائنس کالج برائے خواتین کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔

وزیر مملکت برائے دار الحکومتی انتظام و ترقیاتی ڈویژن، بیرسٹر عثمان ابراہیم نے کہا ہے کہ خواتین ہمارے معاشرے کا اہم جز ہیں، خواتین کے بغیر ترقی کرنا ممکن نہیں، پاکستانی خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ہر میدان میں کام کر رہی ہیں، حکومت کی بھی ذمہ داری ہے کہ ان کو مواقع فراہم کئے جائیں تا کہ ان کی صلاحیتوں میں مزید بہتری آئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات پر خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ میں تعلیمی ادارے کا سنگ بنیاد رکھ رہا ہوں، انہوں نے وہاں پر موجود نوجوان لڑکیوں سے کہا کہ آپ آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ بن جائیں۔

واضح رہے کہ یہ کالج 2016ء میں مکمل ہو گا، اس تقریب میں سیکرٹری دار الحکومتی انتظام و ترقیاتی ڈویژن اور اعلیٰ افسران کے علاوہ سینئر اساتذہ، ریٹائر پرنسپلز نے بھی شرکت کی۔