کے الیکٹرک نے بجلی کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا، کے الیکٹرک کے صارفین کو سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پہلے ہی بہت ریلیف دیا گیا ،اس کا ٹیرف ملک بھر میں بجلی کی تقسیم کار دیگر کمپنیوں کی نسبت کم ہے، زیادہ تر صارفین کا ٹیرف 2013کے ٹیرف کی طرح رہے گا، وزارت پانی و بجلی کے ترجمان کاتردید ی بیان

جمعہ 3 جولائی 2015 20:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) وزارت پانی و بجلی کے ترجمان نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے کہ جن میں یہ دعویٰ کیا تھا کہ کے الیکٹرک نے بجلی کی قیمتوں میں 4روپے فی یونٹ اضافہ کر دیا ہے، ترجمان نے کہا ہے کہ بعض نجی ٹی وی چینلز کی اس خبر میں کوئی صداقت نہیں کہ کے الیکٹرک نے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ کے الیکٹرک کا ٹیرف وہی ہے جو باقی ملک میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کے الیکٹرک کے صارفین کو سندھ ہائی کورٹ کی طرف سے اکتوبر 2013ء سے 2014ء تک دیئے گئے حکم امتناعی کی روشنی میں پہلے ہی بہت ریلیف دیا گیا ہے اور کے الیکٹرک کا ٹیرف ملک بھر میں بجلی کی تقسیم کار دیگر کمپنیوں کی نسبت کم ہے اور یہ عدالتی حکم امتناعی کے باعث ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ نیپرا نے ٹیرف پر نظرثانی کی تھی تا کہ کے الیکٹرک کا ٹیرف ملک کے دیگر کمپنیوں کے برابر لایا جا سکے، تاہم حکومت کی طرف سے عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈالا گیا اور کے الیکٹرک کا وہی ٹیرف ہے جو جون2014ء سے چلا آ رہا ہے تاہم اب حکم امتناعی ختم ہونے کے بعد یکم جولائی 2014ء سے کے الیکٹرک کا ٹیرف ملک کی دیگر کمپنیوں کے برابر کر دیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ایک یونٹ سے لے کر 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کا ٹیرف وہی ہے جو 2013ء میں تھا۔ زیادہ تر صارفین جو 300 یونٹ کے سلیب میں آتے ہیں کا ٹیرف ملک بھر کے 2013کے ٹیرف کی طرح ہی رہے گا۔50 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کا ٹیرف 2 روپے فی یونٹ اور 100یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صارفین کا ٹیرف 5.79 روپے فی یونٹ ہی رہے گاجبکہ 200 سے زائد یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین پہلے کی طرح 8.11 روپے فی یونٹ ہی ادا کریں گے ۔