پیش بندی کے طور پر متوقع مون سون کے سبب سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام اضلاع نے اپنے انتظامات مکمل کر لیے

دریاؤں کے پشتوں کی مضبوطی اور ڈرینوں کی صفائی کے عمل کو تیز تر کرکے جلد مکمل کیا جائے‘کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل

جمعہ 3 جولائی 2015 20:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا ہے کہ پیش بندی کے طور پر متوقع مون سون کے سبب سیلابی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تمام اضلاع نے اپنے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل کی زیر صدارت کمشنر آفس میں سیلاب انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں تمام ڈی سی اوز ، پولیس افسران اور محکمہ آبپاشی کے افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چاروں اضلاع کے محکمہ آب پاشی کے افسران ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کیے گئے انتظامات کا دوبارہ ضرور جائزہ لیتے رہیں۔ انہوں نے تمام ڈی سی اوز کو ہدایت کی کہ وہ پی ڈی ایم اے کی جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں بھی اپنے انتظامات کو چیک کریں۔دریاؤں کے پشتوں کی مضبوطی اور ڈرینوں کی صفائی کے عمل کو تیز تر کرکے جلد مکمل کیا جائے۔ کمشنر لاہور کو آگاہ کیا گیا کہ تمام اضلاع نے سیلابی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع منصوبہ بندی مکمل کرکے کشتیوں سمیت ہنگامی سامان کا مکمل انتظام کر لیا ہے۔ عملے کی ڈیوٹیاں بھی لگا دی ہیں اور خیموں کا بھی انتظام کر لیا ہے۔

متعلقہ عنوان :