سیاسی جماعتوں ، کارپوریٹ سیکٹر، تاجروں اور اعلیٰ شخصیات کی طرف سے افطار پارٹیاں دینے کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا

جمعہ 3 جولائی 2015 20:16

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء )رمضان المبارک کے دوسرے عشرے میں سیاسی جماعتوں ، کارپوریٹ سیکٹر، تاجروں اور اعلیٰ شخصیات کی طرف سے بڑے ہوٹلوں اور اپنی رہائشگاہوں پر افطار پارٹیاں دینے کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ، رمضان المبارک کے باقی رہ جانے والے دنوں کے لئے بھی ہوٹلوں میں پیشگی بکنگ کرائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سیاسی جماعتوں کی جانب سے مرکزی رہنماؤں کے گھروں کے علاوہ فائیوسٹار ہوٹلز میں افطار پارٹیوں اور افطار ڈنر کا اہتمام کیا جارہا ہے جس میں پارٹی رہنماؤں کے علاوہ دیرینہ کارکنوں اور صحافیوں کو مدعو کیا جارہا ہے جبکہ سیاسی شخصیات کی طرف سے افطار پارٹیوں میں اپنی جماعتوں کے علاوہ دوسری سیاسی جماعتوں میں موجود دوست رہنماؤں کو بھی مدعو کیا جارہا ہے ۔

علاوہ ازیں سماجی تنظیموں کی طرف سے بھی افطار ڈنرز دئیے جارہے ہیں جس میں فنڈ ریزنگ بھی کی جارہی ہے ۔کارپوریٹ سیکٹر اور تاجروں کی طرف سے بھی بڑے ہوٹلوں اور ہالز میں افطار پارٹیاں دی جارہی ہیں جس میں سرکاری شخصیات کو بھی مدعو کیا جارہا ہے ۔ذرائع کے حوالے سے بتایاگیا ہے کہ تمام بڑے ہوٹلز اور ہالز میں رمضان المبارک کے باقی رہ جانے والے دنوں کے لئے پیشگی بکنگ کرا ئی جارہی ہے ۔