گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے خاتون محتسب اعلیٰ پنجاب فرخندہ وسیم افضل کی ملاقات

جمعہ 3 جولائی 2015 20:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہاؤس لاہور میں خاتون محتسب اعلیٰ پنجاب فرخندہ وسیم افضل نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران محتسب اعلیٰ نے اپنے ادارے کی کارکردگی کے حوالے سے گورنر پنجاب کوآگاہ کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ خواتین کے مسائل حل کرنے اور ان کو فوری انصاف فراہم کرنا موجودہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواتین کی ترقی، ان کے حقوق کے تحفظ اور انہیں معاشی طور پر مضبوط کرنے کے لئے موجودہ حکومت اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لارہی ہے اور اس مقصد کے لئے صوبائی محتسب اور دیگر تمام اداروں کو مزید فعال بنایا جائے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ محتسب اعلیٰ پنجاب اپنی بہترین انتظامی صلاحیتیوں کو بروئے کار لا کر خواتین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گی۔