ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے مقصد کے حصول تک آپریشن جاری رکھیں گے، جنرل راحیل شریف

دہشتگردوں اور ان کے مددگاروں کیخلاف کسی مصلحت کے بغیر بلاامتیاز کارروائی کی جائیگی آرمی چیف کا شمالی وزیرستان کی وادی شوال کو عسکریت پسندوں سے پاک کرنے پرسیکیورٹی فورسز کوخراج تحسین فوجی آپریشنوں کی کامیابی کے ثمرات عام لوگوں تک منتقل کئے جائیں،بے گھر افراد کی قربانیاں قابل ستائش، تمام لوگوں کو بے گھر افراد کی بحالی ،عزت اور وقار کیساتھ ان کی واپسی میں حکومت کی مدد کرنی چاہئے، پاک فوج کے سربراہ کا شمالی وزیرستان کے دورے کے موقع پر خطاب آرمی چیف کی پاک افغان سرحد کے قریب فوجیوں سے ملاقاتیں ،مقامی کمانڈروں نے آپریشن ضرب عضب میں پیشرفت ، شوال کے علاقوں سے دہشت گردوں کو پاک کرنے کے مستقبل کے منصوبوں پربریفنگ دی

جمعہ 3 جولائی 2015 20:12

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے مقصد کے حصول تک آپریشن جاری رکھنے اور دہشتگردوں اور ان کے مددگاروں کیخلاف کسی مصلحت کے بغیر بلاامتیاز کارروائی کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے شمالی وزیرستان کی وادی شوال کو عسکریت پسندوں سے پاک کرنے پرسیکیورٹی فورسز کو سراہا ہے اور فوجی آپریشنوں کی کامیابی کے ثمرات عام لوگوں تک منتقل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشنز کے نتیجے میں علاقے میں پائیدار امن بحال ہوگا ۔

جمعہ کو شمالی وزیرستان کے دورے کے دوران آرمی چیف کو بتایا گیا کہ شوال کے اردگرد تمام پہاڑیوں کو مسلح افراد سے پاک کردیا گیا ہے ۔ جنرل راحیل شریف نے فوجیوں کی پیشہ وارانہ مہارت ان کے مورال ، قربانیوں اور کامیابیوں کو سراہا ۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ انہیں ایک ایسی فوج کی سربراہی پر فخر ہے جس نے مشکل جنگ میں اس قدر کامیابیاں حاصل کیں، انہوں نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر پاکستان کے شہری علاقوں میں منظم کارروائی کی بھی تعریف کی اور کہا کہ ان آپریشنز کی بنیاد پر دہشت گردوں کے مراکز اور شہری علاقوں سے دہشت گردوں کے دور دراز علاقوں میں ان کے اپنے لوگوں کیساتھ رابطوں کو ختم کردیا گیا ہے ۔

انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو یہ آپریشنز جاری رکھنے کے احکامات جاری کئے تاکہ دہشت گردوں ، ان کے سہولت کاروں ، پناہ دینے والوں اور مالی مدد کرنیوالوں کوپکڑا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ان عناصر کیخلاف پورے ملک میں بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائیگی اور اس سلسلے میں کسی بھی مصلحت کو مدنظر نہیں رکھا جائیگا۔ جنرل راحیل شریف نے اعلان کیا کہ پاکستان کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے مقصد کے حصول تک آپریشن نہیں روکے جائینگے ، شمالی وزیرستان کے دورے کے دوران آرمی چیف نے پاک افغان سرحد کے قریب فوجیوں سے ملاقاتیں کیں اس موقع پر انہیں مقامی کمانڈروں نے آپریشن ضرب عضب میں پیش رفت اور شوال کے کچھ علاقوں سے دہشت گردوں کو پاک کرنے کے مستقبل کے منصوبوں پر انہیں بریف کیا ۔

سیکیورٹی اہلکاروں کا خیال ہے کہ باقی شدت پسند وں نے شوال کی پہاڑیوں میں پناہ لی ہے جہاں گھنے جنگلوں کی وجہ سے وہ بمباری سے بچنے کی کوشش کررہے ہیں۔ آرمی چیف نے جنوبی وزیرستان کے وانا کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں جاری آباد کاری اور اس کے علاقے پر مثبت اثرات سے آگاہ کیا گیا، آرمی چیف کو بتایا گیا کہ بحالی کے کاموں سے علاقے کے رہائشیوں کی زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں، انہیں بتایا گیا کہ علاقے میں بہت سے سماجی ، چھوٹے اور بڑے پیمانے پر منصوبے مکمل کئے گئے ہیں، جنرل راحیل شریف نے فوجی آپریشنوں کی کامیابی کے ثمرات عام لوگوں تک منتقل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپریشنز کے نتیجے میں علاقے میں پائیدار امن بحال ہوگا، انہوں نے بے گھر افراد کی قربانیوں کو بھی سراہا اور کہا کہ تمام لوگوں کو بے گھر افراد کی بحالی اور عزت اور وقار کیساتھ ان کی واپسی میں حکومت کی مدد کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ واپس آنیوالے افراد کو بحالی کے کاموں سے ایک مثبت تبدیلی نظر آئیگی،انہوں نے کہا کہ فوج بحالی کے کاموں میں بھرپور حصہ لے گی اور بروقت تمام منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جائیگا ۔