Live Updates

تحریک انصاف کی سیاست جس کا خمیر جھوٹ، تشدد اور دھوکہ دہی کی گھٹی سے بناہے ،ارکان قومی اسمبلی پیپلزپارٹی

جمعہ 3 جولائی 2015 19:59

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی اراکین قومی اسمبلی آفتاب شعبان میرانی، سردار واحد بخش بھیو،ایاز سومرو اور نذیر احمد بھگیو نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی سیاست جس کا خمیر جھوٹ، تشدد اور دھوکہ دہی کی گھٹی سے بنا اور امپائر کے زیر نگرانی جوان ہوئی اب اس کا ڈھول پھٹ چکا ہے اور انٹرا پارٹی الیکشن سے لیکر ٹریبونل کے فیصلوں کی حکم عدولی اور 35 پنکچر کے الزامات سے لے کر تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی کی معافی تک اور جہانگیر ترین کی میں نہ مانوں کی رٹ سب اس حقیقت کی عکاس ہے کہ تحریک انصاف اخلاقی انحطاط کے ساتھ سیاسی طور پر زوال پذیر ہے۔

پی پی پی میڈیا سیل سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کی سب سے بڑی متاثرہ جماعت پی پی پی ہے لیکن جمہوریت کے تسلسل اور جمہوری اداروں کی مضبوطی کے پیش نظر پی پی پی نے چھوٹے یا بڑے پیمانے پر احتجاج کے جمہوری حق کو بھی استعمال نہیں کیا جبکہ تحریک انصاف کے سربراہ نے دھاندلی کے الزامات کی آڑ میں وزیراعظم بننے کا خواب پورا کرنے کیلئے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملہ کیا اور پولیس کو تشدد کا نشانہ بنایا لیکن پی پی پی کی اعلیٰ قیادت بالخصوص سابق صدر اور پی پی پی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت کی وجہ سے جمہوریت ڈی ریل ہونے سے محفوظ رہی جس کا اعتراف سول سوسائٹی اور تمام سیاسی اکابرین نے بھی کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی پرتشدد سیاست، بھونڈے الزامات اور ڈاکٹر عارف علوی کی معافی نے تحریک انصاف کی منفی سیاست کے تابوت میں آخری کھیل ٹھونک دی ہے اور اب تحریک انصاف عوامی ردعمل سے خود کو نہیں بچاپائے گی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات