وفاقی وزارت داخلہ کا ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے حوالہ سے من گھڑت رپورٹس پر افسوس کا اظہار

ایسی رپورٹس جھوٹ پر مبنی اور حقائق کے منافی ہیں، یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ قومی اور بین الاقوامی نوعیت کے اس اہم ہائی پروفائل کیس میں احساس ذمہ داری دکھانے کے بجائے میڈیا کے بعض حصے اس معاملے کو سنسنی خیز بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس کیس میں جے آئی ٹی کی جانب سے تحقیقات ابتدائی مراحل میں ہیں اور اس سلسلہ میں کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا، ترجمان وفاقی وزارت داخلہ

جمعہ 3 جولائی 2015 19:11

وفاقی وزارت داخلہ کا ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے حوالہ سے من گھڑت رپورٹس ..

اسلام آباد ۔3 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) وفاقی وزارت داخلہ کے ترجمان نے جمعہ کو میڈیا کے ایک حصے میں ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے حوالہ سے من گھڑت رپورٹس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے جھوٹ پر مبنی اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔ جمعہ کو وزارت داخلہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ قومی اور بین الاقوامی نوعیت کے اس اہم ہائی پروفائل کیس میں احساس ذمہ داری دکھانے کے بجائے میڈیا کے بعض حصے اس معاملے کو سنسنی خیز بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور وزارت داخلہ کی جانب سے بروقت اور متواتر وضاحتوں کو نظرانداز کرتے ہوئے سنسنی خیز رپورٹس جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ترجمان نے یاد دہانی کراتے ہوئے کہاکہ سوموار کو وزرت داخلہ نے اعلان کیا تھا کہ سکاٹ لینڈ یارڈ کی دو رکنی ٹیم پاکستان پہنچ چکی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہاکہ وزارت نے یہ اعلان بھی کیا تھا کہ کیس کے حوالہ سے ہونے والی پیش رفت سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا لیکن صبر و استقامت دکھانے کے بجائے یکسر جھوٹ پر مبنی سٹوری جاری کر دی گئی۔ ترجمان نے کہاکہ اس قسم کی بے بنیاد رپورٹس نہ صرف قانون نافذ کرنے والے حکام کے شفاف کام پر اثرانداز ہوتی ہیں بلکہ لوگوں کو گمراہ کر رہی ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں جے آئی ٹی کی جانب سے تحقیقات ابتدائی مراحل میں ہیں اور اس سلسلہ میں کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔