حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ طالبات کی مہارتوں کی حوصلہ افزائی کرے اور انہیں جدید مواقع فراہم کرے

وزیر مملکت کیڈ بیرسٹر عثمان ابراہیم کا ایف جی کالج آف ہوم اکنامکس کی تقریب سے خطاب

جمعہ 3 جولائی 2015 19:08

اسلام آباد ۔ 3 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) وزیر مملکت برائے کیڈ بیرسٹر عثمان ابراہیم نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین محنتی اور زندگی کے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر رہی ہیں، حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ طالبات کی مہارتوں کی حوصلہ افزائی کرے اور انہیں جدید مواقع فراہم کرے۔ جمعہ کو وہ ایف جی کالج آف ہوم اکنامکس منیجمنٹ سائنسز اینڈ سپیشلائزڈ ڈسپلن ایف الیون ون کی تقریب نقاب کشائی سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر سیکرٹری کیڈ اور سینئر حکام بھی موجود تھے ۔مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے کیڈکو کالج کے پرنسپل اور سٹاف نے خوش آمدید کہا۔ طالبات کی جانب سے وزیر مملکت کو پھولوں کاگلدستہ پیش کیا گیا اس موقع پر بہت سے سینئر اساتذہ اور ریٹائرڈ پرنسپلز بھی موجود تھے جنہوں نے وزیر مملکت کے اس ادارے کے قیام کے عمل کو خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے تقریب میں شرکت پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ اسلام آباد میں یہ ایک نیا اضافہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک عظیم لمحہ ہے کہ ایک خود مختار ہوم اکنامکس کالج کا قیام عمل میں آیا جس سے نوجوان اور ذہین طالبات فائدہ اٹھائیں گی۔میں ان سب لوگوں کو اس ادارے کے قیام میں حصہ لینے والوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں انہوں نے مزید کہا کہ یہ ادارہ طالبات اور اساتذہ کے خوابوں کی تعبیر ہے۔ ہم اپنی تمام تر ایمانداری اورپیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعے ادارے کو ایک نئی اختراع دیں گے ۔

کوئی بھی قوم اپنی آباد ی کے نصف کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی۔ پاکستانی خواتین محنتی ہیں اور وہ اپنی زندگی کے تمام شعبوں میں مردوں کے شانہ بشانہ ہیں ۔یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ طالبات کی مہارت کی حوصلہ افزائی کرے اور انہیں جدید مواقع فراہم کرے۔طالبات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ آنیوالی نسلوں کیلئے مشعل راہ ہیں ۔وزیر مملکت نے کالج کی نقاب کشائی کی ۔اس موقع پر وزیر مملکت کو کام کی پراگریس کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیر مملکت نے امید ظاہر کی کالج 2016ء میں مکمل ہو جائے گا۔