افغانستان کے سفیر کی دفتر خارجہ طلبی

قندھار میں پاکستان قونصلیٹ جنرل کے افسر کو نظر بند کئے جانے کے حوالے سے احتجاجی مراسلہ پیش کیا گیا

جمعہ 3 جولائی 2015 19:07

افغانستان کے سفیر کی دفتر خارجہ طلبی

اسلام آباد ۔ 3 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) پاکستان میں افغانستان کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور افغان حکام کی جانب سے قندھار کے پاکستان قونصلیٹ جنرل کے ایک افسر کو نظر بند کئے جانے کے حوالے سے احتجاجی مراسلہ پیش کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستانی افسر کو افغان حکام نے زبردستی اٹھایا اور اسے نظر بند کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان نے انگور اڈہ گیٹ پر افغان سرحدی پولیس کی بلا اشتعال فائرنگ پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا ہے جس میں دو سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے۔ مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کے پیش نظر ایسے واقعات نہیں ہونے چاہئیں۔ افغان سفیر نے یقین دلایا کہ وہ کابل میں اعلیٰ حکام کو پاکستان کی تشویش سے آگاہ کریں گے۔