سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ کا کامل علی آغا کی زیر صدارت اجلاس

جمعہ 3 جولائی 2015 19:07

اسلام آباد ۔ 3 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ کے چیئرمین کامل علی آغا کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں الیکٹرانک میڈیا کیلئے ضابطہ اخلاق کا جائزہ لیتے ہوئے وزارت اطلاعات کو ہدایت کی گئی ہے کہ جلد از جلد ضابطہ اخلاق کے نوٹیفیکیشن اور اس پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

سیکرٹری اطلاعات و نشریات محمد اعظم نے کمیٹی کو بتایا کہ اس معاملے پر حکومت اور پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن میں اتفاق رائے ہو گیا ہے اور وزارت ضابطہ اخلاق کے نوٹیفیکیشن اور اس پر عمل درآمد کیلئے مجاز اتھارٹی ایک لیٹر لکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر اس لئے تاخیر ہوئی کیونکہ حکومت اہم قومی معاملہ پر اتفاق رائے چاہتی تھی اور اب الله تعالیٰ کے فضل سے اتفاق رائے ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

اطلاعات تک رسائی کے مسودہ کے متعلق انہوں نے کہا کہ وزارت نے وفاقی کابینہ سے منظوری کیلئے اس بارے بل کابینہ ڈویژن بھیجا ہے جس پر مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔ وزارت کو وزیراعظم آفس کی جانب سے ایک خط موصول ہوا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یہ بل قومی اہمیت کا حامل ہے جسے منظوری کیلئے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ سینیٹر فرحت الله بابر نے کہا کہ وزیراعظم کا لیٹر بڑی مثبت پیشرفت ہے اور توقع ہے کہ کابینہ جلد اس بل کی منظوری دے گی۔

نجی ٹی وی چینلز پر غیر ملکی مندرجات کے بارے میں کمیٹی نے اس رائے کا اظہار کیا کہ وقت گذرنے کے ساتھ مزید ٹی وی چینلز پیمرا کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر ملکی ڈرامے و پروگرام پیش کر رہے ہیں اور پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی کے قوانین کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ پیمرا خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف اپنے اختیارات سختی سے استعمال میں لائے۔

کمیٹی کے ارکان نے قائم مقام چیئرمین پیمرا سے کہا کہ اس معاملے کا جائزہ لیا جائے کیونکہ نجی ٹی وی چینلز کے پروگراموں پر دکھائے جانے والے غیر ملکی مندرجات نئی نسل کے لئے نقصان دہ ہیں۔ کمیٹی نے سیکریٹری اطلاعات سے کہا کہ سیٹلائٹ چینلز کی نگرانی کیلئے ایک افسر مقرر کیا جائے تاکہ پروگراموں میں پیش کئے جانے والے غیر ملکی مندرجات کے حوالے سے قوانین کی خلاف ورزی کی مانیٹرنگ کی جا سکے اور اس سلسلے میں آئندہ 16 دن میں رپورٹ پیش کی جائے۔

کمیٹی نے کہا کہ کوئی نجی ٹی وی چینل بچوں کے پروگرام پیش نہیں کر رہا۔ پیمرا کو چاہئے کہ وہ چینلز کو بچوں کے پروگرام پیش کرنے کی ہدایت کرے جو ان کے لائسنسوں کے شرائط و ضوابط میں بھی موجود ہے۔ کمیٹی نے پیمرا سے کہا کہ نجی ٹی وی چینلز کو روزانہ قومی ترانہ پیش کرنے کے لئے ہدایت کی جائے۔ چیئرمین کمیٹی کامل علی آغا نے کہا کہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے بعد پیمرا کو قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہئے۔

پاکستان ٹیلی ویژن کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد مالک نے پی ٹی وی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اپنا چارج سنبھالنے کے بعد پاکستان ٹیلی ویژن کی کارکردگی کی بہتری کے لئے متعدد اقدامات کئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کی 90 فیصد آبادی تک کوریج ہے اور دور دراز اور سرحدی علاقوں میں بوسٹرز کے قیام کے ذریعے دشمن کے پروپیگنڈا کا بھی خاتمہ کیا جا رہا ہے۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر سسی پلیجو، فرحت الله بابر، روبینہ خالد، نہال ہاشمی، وزارت اور اس کے متعلقہ محکموں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :