پرائیوٹ عازمین حج کو سہولیات فراہم نہ کرنیوالے حج گروپ آرگنائزر کیخلاف کارروائی ہو گی، وزارت مذہبی امور

جمعہ 3 جولائی 2015 18:47

اسلام آباد ۔ 3 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) وزارت مذہبی امور نے متنبہ کیا ہے کہ اگر کسی حج گروپ آرگنائزر نے حجاز مقدس میں پرائیویٹ عازمین حج کو معاہدہ کے مطابق سہولیات فراہم نہ کیں تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے ”اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء“ کو بتایا کہ وزارت مذہبی امور حج آپریشن کے دوران ہر حج گروپ آرگنائزر کی سرگرمیوں کی سختی سے مانیٹرنگ کرے گی۔

کسی کے خلاف بھی شکایت موصول ہوئی اور وہ تحقیقات کے بعد قصور وار ثابت ہوا تو جرمانہ کی سزا کے ساتھ ساتھ اسے بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ہر حج گروپ آرگنائزر پر لازم ہے کہ وہ اپنے عازمین حج کو سعودی عرب میں مفت کھانا فراہم کرے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ رواں سال ایک لاکھ 43 ہزار 384 خوش نصیب پاکستانی پرائیویٹ اور سرکاری اسکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے۔

وزارت مذہبی امور، پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزرز کے پیکیجز کا جائزہ لے رہی ہے۔ سرکاری اسکیم کے مقابلے میں پرائیویٹ حج گروپ آرگنائزرز کے حج پیکیجز بہت زیادہ ہیں کیونکہ سرکاری اسکیم کا پیکیج 2 لاکھ 80 ہزار جبکہ پرائیویٹ اسکیم کا کم سے کم پیکیج 5 لاکھ سے شروع ہو کر 14 لاکھ تک پہنچ گیا ہے جو کہ عام آدمی کی استعداد سے باہر ہے۔

متعلقہ عنوان :