پیپلز پارٹی ،مسلم لیگ اور مشرف سمیت ایم کیو ایم کو کندھوں پر بٹھانے والے سب قوم کے مجرم ہیں ‘ حافظ محمد ادریس

جب تک امت مسلمہ کو مخلص اور خوف خدا رکھنے والی قیادت میسر رہی کسی کو مسلمانوں کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھنے کی جرأت نہیں تھی

جمعہ 3 جولائی 2015 18:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ دنیا میں شیطانی قوتیں اس لئے طاقتور اور غالب ہیں کہ عالم اسلام حقیقی قیادت سے محروم ہے ، پوری دنیا میں مسلمانوں کا قتل عام ہورہا ہے اور مسلم اکثریت کے کئی علاقوں پر قبضہ کرکے یہود وہنود اور نصاریٰ نے مسلمانوں کو غلام بنارکھا ہے ،جب تک امت مسلمہ کو مخلص اور خوف خدا رکھنے والی قیادت میسر رہی کسی کو مسلمانوں کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھنے کی جرأت نہیں تھی،غزوہ بدر کو اﷲ تعالیٰ نے یوم الفرقان قرار دیا ہے جس دن یہ طے پاگیا تھا کہ امت مسلمہ حق پر ہے اور وہی باوقار اور سربلند رہے گی،اﷲ تعالیٰ نے مومنین کے ساتھ غلبہ کا وعدہ فرمایا ہے ،یوم بدر ہمیں اﷲ تعالیٰ کی راہ میں اپنا سب کچھ قربان اور اسلام کی سربلندی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کا درس دیتا ہے ،پیپلز پارٹی ،مسلم لیگ اور مشرف سمیت ایم کیو ایم کو کندھوں پر بٹھانے والے سب قوم کے مجرم ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصور ہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔حافظ ادریس نے کہا کہ پاکستان پہلی اسلامی ایٹمی قوت ہے جس پر پوری امت کو نازہے مگر بزدل اور کرپٹ لوگوں کے اقتدار کی وجہ سے ہماری ساکھ بری طرح تباہ ہوئی ہے ،آج اقوام عالم میں مسلمان بے وقعت ہوکر رہ گئے ہیں اور ہمارا کوئی رعب اور دبدبہ باقی نہیں رہا ،صیہونی مالیاتی اداروں آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک نے ہماری آنے والی نسلوں کو غلام بنا رکھا ہے ، ہمارا با ل بال قرضوں میں جکڑا ہوا ہے ،ایک طرف حکمران ہیں جو قرضے لیکر انہیں اپنے بیرونی اکاؤنٹس میں جمع کروادیتے ہیں اور دوسری طرف غریب عوا م ہے جو دو وقت کے کھانے سے محروم ہے ،انہوں نے کہا کہ آج اگر کوئی غیر ت وحمیت والی قیادت میسر ہوتی تو کشمیر اور فلسطین غلامی میں جکڑے ہوتے اور نہ برما میں مسلمانوں کو بھیڑ بکریوں کی طرح ذبح کیا جاتا ،انہوں نے کہا کہ دشمن کے سامنے ہاتھ پھیلانے سے بڑھ کر کوئی ذلت نہیں ہوسکتی مگر امت کی گردنوں پر سوار بدقماش لوگ عزت و وقار اور ذلت و پستی کے مفہوم سے ناآشنا ہیں ۔

حافظ ادریس نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ کئی کئی بار حکومت میں آئیں مگر وہ ملک و قوم کیلئے کچھ کرنے کے بجائے اقتدار کے مزے لوٹتے اور اپنے بنک بیلنس کو بڑھاتے رہے ،انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم مسلم لیگ ،پیپلز پارٹی اور مشرف کے ساتھ شریک اقتدار رہی ،ان سب کو ایم کیو ایم کے جرائم کا علم ہونے کے باوجود انہوں نے اپنے اقتدار کو طول دینے کیلئے مجرموں کو ساتھ بٹھائے رکھا اور ان کے جرائم پر پردہ ڈالتے رہے ،انہوں نے کہا کہ بھارت سے اسلحہ ،ٹریننگ اور فنڈز لینے والے پاکستان کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے ہیں ۔