صوبائی وزیر ڈاکٹر فرخ جاوید کا سنگھ پورا، باب پاکستان والٹن اور اسلام پورہ رمضان بازاروں کا اچانک دورہ

رمضان بازاروں کی بدولت اوپن مارکیٹ میں بھی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں کم ہوئی ہیں‘ ڈاکٹر فرخ جاوید کی گفتگو

جمعہ 3 جولائی 2015 18:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے سنگھ پورا، باب پاکستان والٹن اور اسلام پورہ کے رمضان بازاروں کا اچانک دورہ کیا۔ ڈاکٹر فرخ جاویدنے اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ رمضان بازار لگائے جانے اور حکومت کی مسلسل مانیٹرنگ کے باعث قیمتوں اور کوالٹی پر چیک رکھنے سے اوپن مارکیٹ میں بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کوالٹی پر مثبت اثر پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اوپن مارکیٹ میں اشیاء کی قیمتوں اور کوالٹی کے حوالے سے پوری طرح فوکس کر رہی ہے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک کیا گیا ہے۔ڈاکٹر فرخ جاویدنے رمضان بازاروں میں پھلوں ، سبزیوں ، گوشت ، گرین چینل شاپس ، آٹا ، چینی ، مشروبات اور دیگر اشیائے خورونوش کے سٹالز پر جا کر انکی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا اور خریداری کیلئے آنیوالے صارفین سے رمضان بازاروں میں دستیاب اشیاء کی فراہمی بارے دریافت کیا۔

(جاری ہے)

صارفین سے گفتگو میں انکا کہنا تھا کہ رمضان بازاروں میں تمام اشیائے خوردونوش مارکیٹ سے کم قیمت پر دستیاب ہیں اور انکی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے بازاروں میں انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام رمضان بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی یکساں قیمتیں مقرر کی جائیں اور ایک ہی معیار کی اشیاء رکھی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں زیروٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے اورکسی سطح پر لاپرواہی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائی گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت رمضان بازارں کے علاوہ اوپن مارکیٹ میں بھی اشیاء کی قیمتوں اور کوالٹی پر چیک رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کی جانب سے لگائی گئی فئیر پرائس شاپس پر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں اور کوالٹی اطمینان بخش ہے۔ انہوں نے کہا کہ بازاروں میں خواتین اور بزگوں کیلئے خصوصی انتظامات کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔وزیر زراعت نے کہا کہحکومت پنجاب رمضان بازاروں میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ تمام وزراء اور حکومتی نمائندے مشنری جذبے سے روزہ داروں کی سہولت کیلئے بازاروں پر چیک رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان میں حکومت پنجاب اپنی تمام توجہ روزہ داروں کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز کیے ہوئے ہے۔

متعلقہ عنوان :