محکمہ پولیس میں انقلابی تبدیلیوں کی ضرورت ہے، ڈاکٹر جمال ناصر

موجودہ نظام کو دورِ جدید کے ہم پلہ بنانے کے لئے سائنسی بنیادوں اور نئے خطوط پر استوار کرنا بے حد ضروری ہوچکا ہے، تقریب سے خطاب

جمعہ 3 جولائی 2015 18:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) ملک میں محکمہ پولیس میں انقلابی تبدیلیوں کی ضرورت ہے اور موجودہ نظام کو دورِ جدید کے ہم پلہ بنانے کے لئے سائنسی بنیادوں اور نئے خطوط پر استوار کرنا بے حد ضروری ہوچکا ہے ۔پولیس معاشرے کا ایک اہم ستون ہے اور قانون کی عملداری اور امن عامہ کی ذمہ داری کا اہم فریضہ انجام دیتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار معروف سیاسی و سماجی راہنما و صدارتی تمغہء حُسن کارکردگی ڈاکٹر جمال ناصر نے پولیس کالج سہالہ میں ’’ جمہوری معاشرے میں پولیس کا کردار‘‘ کے مو ضوع پر منعقدہ لیکچر کے موقع پر پولیس کے افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ دُنیا بھر میں پولیس تحفظ کی علامت کے طور پر جانی اور پہچانی جاتی ہے مگر بدقسمتی سے ہمارے ملک میں پولیس معاشرے میں بسنے والے افراد میں یہ احساس اجاگر کرنے میں پوری طرح ناکام رہی ہے ۔

(جاری ہے)

اس صورتحال کے سدباب کے لئے پولیس کے افسروں اور جوانوں کی جدید سائنسی اور تعلیمی بنیادوں پر تربیت کو یقینی بنانے کے اقدامات اُٹھانا ہونگے اور لاء گریجویٹ نوجوانوں کو محکمہ میں بھرتی کرکے نظام کو بہتری کے راستے پر ڈالنا ہوگا ۔ پولیس کو تفتیش کے فرسودہ نظام کو بھی جدید خطوط پر استوار کرنا ہوگا۔ اس اہم شعبہ سے منسلک افراد کو سہولیات اور مراعات کی فراہمی کو بھی یقینی بنا نا بے حد ضروری ہے جس سے کارکردگی اور نتائج پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمانڈنٹ پولیس کالج سہالہ علی محسن نے ادارہ کے تربیت یافتہ افسران کی شاندار کارکردگی سے شرکاء کو آگاہ کیا اور ادارہ میں تربیت کے مروجہ ضابطوں پر روشنی ڈالی ۔ 600سے زائد زیر تربیت افسران اور جوانوں نے لیکچر میں شرکت کی ۔

متعلقہ عنوان :