اﷲ نے پاکستان کو قدرتی اور انسانی وسائل سے مالا مال کیا ،نوجوان اور طلبہ کو مسائل کی دلدل میں دھکیلا جارہاہے ‘ لیاقت بلوچ

ملک میں ایسی پالیسی بنے اور ایسے نظام کی بالادستی ہو کہ طلبہ اور نوجوان ترجیح اول ہوں ، تعلیم ، کھیل اور روزگار یقینی بنایا جائے‘ خطاب

جمعہ 3 جولائی 2015 18:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ نوجوان پاکستان کی اصل قوت اور بیش بہا اثاثہ ہیں اﷲ نے پاکستان کو قدرتی اور انسانی وسائل سے مالا مال کیا ہے لیکن نوجوان اور طلبہ کو مسائل کی دلدل میں دھکیلا جارہاہے ، ملک میں ایسی پالیسی بنے اور ایسے نظام کی بالادستی ہو کہ طلبہ اور نوجوان ترجیح اول ہوں ، تعلیم ، کھیل اور روزگار یقینی بنایا جائے ، حکومتوں اور سرکاری اداروں کی نااہلی ، کرپشن ،جرائم کی سرپرستی کا رویہ نوجوانوں میں بغاوت پیدا کر رہاہے حکمران ہوش کے ناخن لیں ۔

لاہور میں شباب ملی ، اسلامی جمعیت طلبہ لاہور جامعہ پنجاب کے نوجوانوں کے مشترکہ اجلاس اور اسلامک لائرز موومنٹ کی جانب سے وکلا کے اعزاز میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ وکلا نفاذ قانون ، حصول انصاف کے لیے ملک و ملت کے لیے جوہری کردار ادا کرسکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ملک میں آئین ، جمہوریت اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے قوانین موجود ہیں لیکن جمہوریت ، پارلیمانی نظام اور ریاستی اداروں پر کرپٹ ، نااہل ، عیاش اشرافیہ قابض ہے ۔

وکلا ، سول سوسائٹی ، دانشور اور سیاسی جمہوری قوتیں نفاذ آئین ، اردو قومی زبان کے نفاذ ، ملک میں موثر نظام احتساب اور نظام انتخاب کی اصلاح کے لیے بااختیار الیکشن کمیشن اور تعلیم سب کے لیے ملک بھر میں تحریک چلائیں ، جماعت اسلامی ہراول دستہ کا کردار ادا کرے گی ۔