اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے ،ہر مسئلہ کا حل قرآن کریم میں موجود ہے، ڈاکٹر محمد احمد قادری

مقدس مہینے میں جو رشوت خوری ،حرام کمائی کھانے میں مشغول ہیں ان کا ضمیر مردہ ہوچکاہے، پروفیسر ناصر الدین

جمعہ 3 جولائی 2015 17:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء)جامعہ کراچی کے شعبہ سیاسیات کے چیئر مین وممبر سنڈیکیٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد احمد قادری نے کہا کہ عشق رسول ؐ اوراسوہ حسنہ ہمارا قیمتی اثاثہ ہے جسے کوئی ہم سے چھین نہیں سکتا ،ہمیں ہر حالت میں اﷲ تعالیٰ کی عطا کردہ نعمتوں کا شکراداکرنا چاہیئے اور شب وروز حضورؐ پر درود وسلام بھیجنا چاہیئے۔

ماہ صیام میں ایسی متبرک نشستوں کا اہتمام قابل ستائش ہے ۔اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور ہر مسئلہ کا حل قرآن کریم میں موجود ہے۔کائنات کی کوئی شے حضور ؐ کی مکمل وصف کو بیان نہ کرسکی ہے اور نہ ہی کرسکتی ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جامعہ کراچی، سیرت مصطفی ﷺ سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کے زیر اہتمام منعقدہ ’’رمضان کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پروفیسر ناصر الدین ،پروفیسرخالد جمال ،شعیب برکاتی ،ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس منہاج احمد جیلانی ،پیر محمد علی ،فرحان عطاری ،علاؤ الدین صابری اور یاسین احمد مینائی بھی موجودتھے۔پروفیسر ناصر الدین نے کہا کہ ماہ رمضان کا پہلا عشرہ رحمت جاچکا ہے اور عشرہ مغفر ت جاری ہے جس کی فیوض وبرکت سے اﷲ تعالیٰ نے گرمی کا زور توڑ دیا ہے اور ہم پر رحمت برسائی ہے۔

جو مسلمان اس مہینے میں حلال روزی کمائے گا،عمل صالح انجام دے گا وہ تقوی ٰ کے اعلیٰ درجے پر فائز تصور کیا جائے گا ،ہمیں اپنے اند ر کے شیطان یعنی نفس پر قابو پانا ہوگا ۔اس مقدس مہینے میں جو رشوت خوری اور حرام کمائی کھانے میں مشغول ہیں ان کا ضمیر مردہ ہوچکاہے،وہ فلاح نہیں پاسکیں گے۔فرحان عطاری نے کہا کہ روزہ یقینا ظاہری اور باطنی گناہوں سے بچنے کا نام ہے ۔

اﷲ تعالیٰ نے غیبت کرنے والوں کے لئے سخت غذاب فرمایا ہے ۔غیبت نے ہمارے گھروں اور دفتر وں کو تباہ کردیا ہے اور ہمارے معاشرے میں غیبت بے راہ روی کا چلن عام ہوچکا ہے جو مسلمانوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ہمیں اس گناہ عظیم سے بچنا چاہیئے۔پیر محمد علی نے کہا کہ اسلام کی تاریخ میں غزوہ بدر ایک عظیم اور ناقابل فراموش باب ہے ،غزوہ بدر کے تین سو تیرہ مجاہدین ہر مسلمان کے محسن ہیں جنہوں نے حق اور باطل کے درمیان معرکہ انجام دیا اور نصرت پائی۔

عورتوں نے بھی مردوں کے شانہ بشانہ اسلام کی خدت کی ہے ،اسلام نے عورتوں کو دوسرے مذاہب کے برعکس مردوں کے مساوی حقوق دیے ہیں۔اسلام نے بلاشبہ بہترین اور جامعہ دنیاوی دینوی قانون مرتب کئے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلامی تعلیمات اور اسوہ حسنہ پر عجز وانکساری سے عمل کیا جائے۔کانفرنس کے اختتام پر یاسین احمد مینائی نے تمام مہمانوں کا شکریہ اداکیا۔آخر میں غریب ونادار اور مستحقین افراد میں ’’راشن‘‘ بھی تقسیم کیاگیا۔