فلسطین کاز کی ہمیشہ ہر فورم پر حمایت جاری رکھیں گے ،صدر ممنون حسین

فلسطین کاز کیلئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں،مظفر ہاشمی سے ٹیلی فونک گفتگو

جمعہ 3 جولائی 2015 17:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ فلسطین کاز کی ہمیشہ ہر فورم پر حمایت جاری رکھیں گے اور فلسطین کاز کے لئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی کوششیں قابل تعریف ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنما سابق رکن قومی اسمبلی مظفر احمد ہاشمی سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کسی ایک رنگ ونسل کا نہیں بلکہ ایک عالمگیر انسانی مسئلہ ہے اور دنیا کے تمام مسائل میں سب سے زیادہ اہمیت کا حامل بھی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی فکر پر چلتے ہوئے مسئلہ فلسطین کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی یا سستی کا مظاہرہ نہین کرے گی بلکہ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت ہر فورم پر جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی مظفر احمد ہاشمی نے صدر مملکت کو کراچی میں منعقد ہونے والی ’’القدس یکجہتی کانفرنس‘‘ میں شرکت کی دعوت دی جبکہ پاکستان میں فلسطین کاز کے لئے کی جانے والی دن رات انتھک جد وجہد کے بارے میں بھی آگاہ کیا، تاہم صدر مملکت نے ’’القدس کانفرنس‘‘ کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا۔