انتخابی نظام میں موجود سقم دور کرکے ہی انتخابات پر عوام کا اعتماد بحال کیا جاسکتا ہے،منبر ومحراب کے خلاف منصوبہ بندی کے تحت پروپیگنڈا کیاجارہا ہے

جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ کا افطار ڈنر سے خطاب

جمعہ 3 جولائی 2015 17:31

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء ) جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ہمارے انتخابی نظام میں بہت سی کمزوریاں ہیں جن کی وجہ سے الیکشن کمیشن کا کردار غیرموثرہوچکا ہے ،انتخابی نظام میں موجود سقم دور کرکے ہی انتخابات پر عوام کا اعتماد بحال کیا جاسکتا ہے ۔ وہ گزشتہ روز جماعت اسلامی لاہور کی طرف سے اسلامک لائرز موومنٹ کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کر رہے تھے ۔

افطار ڈنر سے جماعت اسلامی لاہور کے امیر میاں مقصود احمد، صدر اسلامک لائرز موومنٹ چوہدری ذوالفقار ایڈووکیٹ ،اﷲ بخش لغاری ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ اس موقع پر جماعت اسلامی لاہور کے نائب امراء ذکراﷲ مجاہد، خلیق احمد بٹ سیکرٹری جنرل محمد عمیر خان،چوہدری سلیم لادی ایڈووکیٹ اور اسعد منظور بٹ ایڈووکیٹ بھی تھے۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان میں انتخابات کی اصلاح کیلئے متناسب نمائندگی کا طریقہ کار اختیار کیاجائے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے برابر اختیارات دیئے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کا موجودہ نظام انتخاب پر اعتماد ختم ہوچکا ہے۔ نام نہادالیکٹوز سے نجات اسی صورت ممکن ہے کہ ا س نظام کے اندر پائی جانی والی کمزوریوں کو دور کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دو قومی نظریے کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ معاشرے کی اقدار بڑی تیزی سے تبدیل ہورہی ہیں۔منبر ومحراب کے خلاف ایک منصوبہ بندی سے پروپیگنڈا کیاجارہا ہے۔

پولیس ریاست کا اہم ترین ادارہ ہے لیکن اس میں کچھ کالی بھیڑوں نے مجموعی ادارے کی ساکھ کومتاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا رول آف لاء،آئین کی بالادستی کیلئے وکلاء کی قربانیاں یادگار ہیں لیکن اس حوالے سے بھی ہمارا موقف ہے کہ اداروں کو باہمی ٹکراؤ سے بچنے کی کوشش کرنی چاہیے اورسب کو اپنے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کرنا چاہئے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور میاں مقصود احمد نے کہا کہ رمضان المبارک ہماری اصلاح وتربیت کا مہینہ ہے۔

اﷲ کے دین کو ہر شعبے میں نافذ کرنا اور اس کے لیے عملی جدوجہد کرنا ہمارا دینی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی لاہور آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپورحصہ لے گی ،بلدیاتی انتخابات جمہوریت کی نرسری ہیں۔ بلدیاتی نظام ایک سیاسی نظام کی بجائے ایک سماجی نظام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ادارے عوام کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔

شہریوں کو اپنے معمولی مسائل کے حل کے لیے در در کی ٹھوکریں کھانی پڑتی ہیں۔ اداروں کی نااہلی اور انتظامی نظام کی کمزوری کی بناپر گھنٹوں کاکام دنوں اور دنوں کا ہفتوں اور مہینوں میں بھی نہیں ہوپاتا۔ انہوں نے کہا کہ عوام ان مسائل سے نجات کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اگر عوام نے اسلامی و خوشحال پاکستان کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیا تو ظلم وزیادتی ،کادور ختم ہوگا اور انصاف کا بول بالا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :