کراچی ،پاک بحریہ کی میں ’تحفظ ِساحل ‘ کے نام سے ساحلی علاقوں کی سیکیورٹی مشقیں

جمعہ 3 جولائی 2015 16:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء)پاک بحریہ نے کراچی بندرگاہ، پورٹ قاسم اور کورنگی فش ہاربر کے گرد ونواح میں ’تحفظ ِساحل ‘ کے نام سے ساحلی علاقوں کی سیکیورٹی کی مشق کی۔ مشق کا مقصد درپیش غیر روایتی سمندری چیلنجز اورساحلی تنصیبات اور اثاثہ جات کو ممکنہ خطرات سے مشترکہ طور پر نبرد آزما ہونے کے لیے میری ٹائم شراکت داروں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنا تھا۔

دوران مشق سمندری دہشت گردی سے متعلق خطرات کے متعدد مصنوعی ماحول پیدا کئے گئے جن میں ساحل/بندرگاہ کے راستے دہشت گردوں کا داخلہ ، اسلحہ اور منشیات کی اسمگلنگ ، اثاثہ جات اور انفرااسٹرکچر پر دہشت گردوں کا حملہ اورتباہی پھیلانے کے لیے جہازوں اور کشتیوں پر قبضہ کو ناکام بنانا شامل ہیں تاکہ مختلف ایجنسیوں کے درمیان رابطے اور مشترکہ کارروائیوں کو بہتر بنایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

مشق میں پاک بحریہ کے علاوہ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی، پاکستان کوسٹ گارڈز، پولیس، کسٹمز، پور ٹ اتھارٹیز اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں نے حصہ لیا۔بعد ازیں مشق کا تجزیاتی سیشن منعقد ہوا جس میں مشق میں شامل مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران کمانڈر کوسٹ رئیر ایڈمرل سید بشیر احمد نے ساحلی ڈھانچے اور بندرگاہوں بالخصوص گوادر پورٹ کو درپیش غیر روایتی چیلنجز کے خلاف ہمہ وقت تیار اورچوکنا رہنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ کمانڈر کوسٹ نے مشق کے تمام شرکاء کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ساحلی سیکیورٹی کو اولین ترجیحات میں شامل رکھنے کا اعادہ کیا اور بحری دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے اس طرز کی مشقیں جاری رکھنے پر زور دیا۔