Live Updates

عمران خان مایوس سیاستدان ہے، قومی معاملات پر مسلسل غلط بیانی اور الزام تراشی کی سیاست کر کے جمہوری اقدارکو پہنچایا ، مفاد پرست ٹولے نے تحریک انصاف پرپر قبضہ کرلیا ہے، حقیقی تبدیلی کا نعرہ لگا نے والے اسے عملی تعبیر نہ دی توعوام ان کو معاف نہیں کرینگے ، پی ٹی آئی کی قیادت جھوٹ بولنے پر قوم سے معافی مانگے، وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کا بیان

جمعہ 3 جولائی 2015 16:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ایک مایوس سیاستدان ہیں اور قومی معاملات پر مسلسل غلط بیانی، جھوٹ اور الزام تراشی کی سیاست کر کے نا صرف جمہوری اقدار بلکہ ملک کی قومی ساکھ کو بھی نقصان پہنچایا ہے، تحریک انصاف کیلئے قربانیاں دینے والوں کا آج کوئی پرسان نہیں اور مفاد پرست ٹولے نے پارٹی پر قبضہ کرلیا ہے، وہ کے پی کے میں حقیقی تبدیلی کا جو نعرہ لگاتے ہیں اس کو عملی تعبیر بھی دیں ورنہ عوام انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے،تحریک انصاف کی قیادت کو مسلسل غلط بیانی اور عوام سے جھوٹ بولنے پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔

جمعہ کو اپنے ایک بیان میں وزیر مملکت و پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان ایک مایوس سیاستدان ہیں جو قومی معاملات پر مسلسل غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں اور ہر قیمت پر اقتدار کا حصول چاہتے ہیں، عمران خان کی جھوٹ اور الزام تراشی یک سیاست سے نہ صرف جمہوری اقدار بلکہ ملک کی قومی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ تحریک انصاف کی دھرنا سیاست نے ملک کو شدید نقصان پہنچایا اور معاشی ترقی کا جو سفر موجودہ حکومت نے شروع کیا تھا اس کو شدید دھچکا لگا، چین کے صدر کا دورہ ملتوی ہونے کے علاوہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی، تحریک انصاف اور اس کی قیادت نے ملک و قوم کے مفاد کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پاک چین اکنامک کوریڈور سمیت کئی اہم قومی منصوبوں کو بھی متنازعہ بنانے کی کوشش کی ہے جو کسی طور بھی ملک و قوم کی خدمت نہیں ہے، تاہم پاکستان کے عوام باشعور ہیں اور اچھائی وبرائی میں تمیز کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے تحریک انصاف کے تمام الزامات آہستہ آہستہ رد ہوتے جا رہے ہیں ، تحریک انصاف کی قیادت کو مسلسل غلط بیانی اور عوام سے جھوٹ بولنے پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے، تحریک انصاف جوڈیشل انکوائری کمیشن میں دھاندلی کے کوئی ثبوت جمع نہیں کرا سکی، عمران خان نے عام انتخابات کے حوالے سے صرف الزامات ہی لگائے ہیں، ان کے پاس کوئی ٹھوس ثبوت نہیں تھے، سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور جسٹس(ر) خلیل الرحمان رمدے پر دھاندلی میں ملوث ہونے، اردو بازار سے بیلٹ پیپرز چھپوانے اور نگران وزیر اعلیٰ نجم سیٹھی پر 35 پنکچرز کا الزام عائد کرنے والے عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات