چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اہم اجلاس ، اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں سمیت اہم ایشوزکا جائزہ

جمعہ 3 جولائی 2015 15:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر) سردار رضا خان کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کے اہم اجلاس میں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں سمیت دیگر اہم ایشوزکا جائزہ لیا گیا،پولنگ ڈے پر لوڈشیڈنگ نہ کرنے، پولنگ عملہ محکمہ تعلیم سے لینے کا فیصلہ، سیکیورٹی کیلئے فوج کی خدمات پر بھی غور، اسلام آبادکے بلدیاتی انتخابات میں 800پولنگ اسٹیشنز اور3200پولنگ بوتھ بنائے جائیں گے،6 لاکھ 80ہزار 455ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے،ایک لاکھ 36 ہزار پولنگ سٹاف ڈیوٹی سرانجام دے گا ۔

جمعہ کو چیف الیکشن کمیشن کی زیر صدارت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں الیکشن کمیشن کے چاروں ممبران، سیکرٹری ای سی پی، چیف الیکشن کمشنر اسلام آباد، ڈی سی اسلام آباد، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ ، ڈائریکٹر جنرل ایجوکیشن و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے ترجمان ایڈیشنل ڈی جی راجہ افتخار نے کہا کہ اسلام آباد میں 6 لاکھ 80 ہزار سے زائد رائے دہندگان ہیں،ہر یونین کونسل میں ایک چیئرمین، ایک وائس چیئرمین ،6 جنرل ممبرز،2 خواتین ممبرز، ایک یوتھ ممبر، ایک اقلیتی اور ایک مزدور ممبر ہو گا۔اسلام آباد میں ٹوٹل 1027 سیٹوں پر الیکشن کرائے جائیں گے،چیئرمین اور وائس چیئرمین کے عہدوں کیلئے 574 امیدوار سامنے آئے ہیں،29کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے ہیں، جنرل کونسلرز کیلئے 1995 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے جن میں سے 1910منظور جبکہ 45مسترد کئے گئے ہیں۔