اسلام آباد : اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات، چیف الیکشن کمشنر نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اپنی خواہش کا اظہار کر دیا۔

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 3 جولائی 2015 15:12

اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 03 جولائی 2015 ء) : چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے دوران فوج تعینات کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس کے بعد میڈیا کوغیر رسمی بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان الیکشن کمشین افتخار راجہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا محمد خان کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن اور آئی جی اسلام آباد اور صوبائی چیف الیکشن کمشنر پنجاب سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں اسلام آباد میں 27 جولائی کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی اور ان کا جائزہ بھی لیا گیا۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ کے روز لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کا یقین دلایا ہے۔ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ اجلاس کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ جس طرح این اے 246 میں رینجرز نے خوش اسلوبی سے اپنے فرائض سرانجام دیے، خواہش ہے کہ اسی طرح فوج اسلام آباد میں بھی انجام دے، اگر فوج نے انتخابات کے دوران فرائض انجام دیے تو ہمیں خوشی ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 6 لاکھ 80 ہزار 455 ہے جب کہ 1027 نشستوں کے لئے 4 ہزار 132 کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے ہیں، بلدیاتی انتخابات میں 800 پولنگ اسٹیشنز اور3 ہزار 200 پولنگ بوتھ بنائے جائیں گے جب کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل 6 جولائی سے شروع ہو گا۔ انتخابات کے دوران 13 ہزار 600 افراد پر مشتمل عملہ تعینات ہو گا اور تعینات کیاجانے والا سارا عملہ محکمہ تعلیم سے لیا جائے گا. ترجمان الیکشن کمشنر کے مطابق اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں چئیرمین وائس چیرمین اور 6 کونسلرز ہوں گے، چئیرمین اور وائس چئیرمین کے لئے 547 امیدوار مد مقابل ہیں جب کہ ہر یونین کونسل سے 2 خواتین، ایک یوتھ اور ایک اقلیتی امیدوار منتخب ہو گا۔