لاہور ہائی کورٹ بینچ کے قیام کیلئے فیصل آباد کے وکلاء کی ہڑتال

جمعہ 3 جولائی 2015 14:38

فیصل آباد۔3جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء)ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد کی اپیل پر فیصل آباد میں لاہور ہائی کورٹ بینچ کے قیام کیلئے وکلاء نے جمعہ کے روز ہڑتال کی جبکہ کل ہفتہ کے روزبھی وکلاء مکمل ہڑتال کریں گے اورعدالتی کاروائی کا بائیکاٹ کیاجائیگا جبکہ کوئی وکیل کسی عدالت میں پیش نہیں ہوگا اور اس موقع پر احتجاجی ریلی بھی نکالی جائے گی۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد کے ترجمان نے کہا کہ جب تک فیصل آباد میں لاہور ہائی کورٹ کے بینچ کا قیام عمل میں نہیں آ جاتا اس وقت تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔ دریں اثناء ڈسٹرکٹ بار فیصل آباد کے صدرکی زیر قیادت ایک احتجاجی ریلی بھی نکالی جائے گی اور جنرل باڈی کا اجلاس بھی منعقد کیا جائیگا جس میں اس عزم کا اظہار کیاجائیگا کہ جب تک فیصل آباد میں لاہور ہائی کورٹ کا بینچ قائم نہیں کردیا جاتا اس وقت تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔