گوجرانوالہ کے قریب ٹرین نہر میں گرنے سے جاں بحق ہونے والے ٹرین ڈرائیور کو سپرد خاک کردیاگیا، پنجاب حکومت کاڈرائیور محمد ریاض کے بیٹے وقاص ریا ض کو سرکاری ملازمت فراہم کرنے کااعلان

جمعہ 3 جولائی 2015 14:37

فیصل آباد۔3جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) ہیڈ چھناواں جامکے چیمہ گوجرانوالہ کے قریب جمعرات کے روز فوجیوں کی ٹرین نہر میں گرنے سے جاں بحق ہونے والے ٹرین ڈرائیور محمد ریاض کو جمعہ کی صبح فیصل آباد میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کردیاگیا،پنجاب حکومت نے ڈرائیور محمد ریاض مرحوم کے بڑے بیٹے وقاص ریا ض کو سرکاری ملازمت فراہم کرنے کااعلان کیاہے۔

قبل ازیں ڈرائیور محمد ریاض مرحوم کا جسد خاکی ان کی رہائش گاہ 49 اے بلاک ریلوے کالونی فیصل آباد سے اٹھایا گیا اور نماز جنازہ جامع مسجد محمود ریلوے کالونی فیصل آباد میں ادا کی گئی ۔اس موقع پر ڈی سی او فیصل آباد نور الامین مینگل ، آر پی او احسان طفیل ، سی پی او افضال کوثر ، ممبر قومی اسمبلی رانا محمد افضل خان ، پاکستان ریلوے کے ڈی ایم ای ون ناصر خلیلی ، ڈپٹی سی او پی ایس واصف مغل ، دیگر ارکان اسمبلی ، پریم یونین کے عہدیداران ، پاکستان ریلوے کے دیگر افسران و ملازمین ، صحافیوں ، وکلاء ، علماء، انتظامی افسران ، دانشوروں ، تاجروں اور سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے سینکڑوں کی تعداد میں نمازجنازہ میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں مرحوم کو بابا نور شاہ ولی  قبرستان نزد جنرل بس سٹینڈ فیصل آباد میں سپرد خاک کردیا گیا ۔ 55سالہ ٹرین ڈرائیور محمد ریاض نے پسماندگان میں ایک بیوہ 3بیٹیاں اور 3بیٹے سوگوار چھوڑے ہیں۔ مرحوم کے بڑے صاحبزادے وقاص ریاض نے نماز جنازہ کے موقع پر اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء کو بتایاکہ اس کے والد محترم سپیشل ڈیوٹی پر بدھ کی صبح 8بجے گھر سے گئے تھے ۔

انہوں نے بتایاکہ وہ ملازمت سے ریٹائر منٹ لینے کے بارے میں غور و خوض کررہے تھے مگر یہ سفر ان کی زندگی کا آخری سفر ثابت ہوا۔ انہوں نے بتایاکہ ان کے والد نے فرض کی ادائیگی کے دوران جان کی قربانی دی ہے جن کی ہمیشہ یہ کوشش تھی کہ ان کی اولاد اعلیٰ تعلیم حاصل کرے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ٹرین ڈرائیور محمد ریاض کی ناگہانی حادثاتی وفات حسرت آیات پر گہرے دکھ اور دلی رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان کو ہر ممکن تعاون کا یقین اور مرحوم کے بڑے صاحبزادے وقاص کو سرکاری ملازمت فراہم کرنے کابھی اعلان کیاہے۔

متعلقہ عنوان :