وزیراعظم چاہتے ہیں ہم آئندہ نسلوں کیلئے کچھ کر کے جائیں ‘خواجہ آصف

جمعہ 3 جولائی 2015 14:18

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم چاہتے ہیں ہم آئندہ نسلوں کیلئے کچھ کر کے جائیں ‘ ہمارے پاس تین سال کا عرصہ باقی ہے ‘ انشاء اللہ بہتر یادیں چھوڑ کر جائینگے ‘ تعلیم پر جتنا پیسہ خرچ ہوسکتا ہے کریں سب ٹھیک ہوجائیگا ‘ ہمارے تمام سیاسی مقاصد صرف اور صرف پاکستان کیلئے ہونے چاہئیں ‘ موجودہ حکومت مسلح افواج کے تعاون سے ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی موجودہ حکومت تعلیم، صحت اور توانائی سمیت مختلف شعبوں کی بہتری کیلئے اہم اقدامات کر رہی ہے۔ ہمارے پاس ابھی تین سال کا عرصہ ہے انشاء اللہ بہتر یادیں چھوڑ کر جائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ہم پرعزم ہیں کہ عوام کی عدالت میں سرخرو ہوں گے اور مستقبل میں بھی ہماری کارکردگی کی بناء پر عوام ہمیں منتخب کریں گے ملک میں تعلیم کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہمیں اپنا پیٹ کاٹ کر بھی تعلیم پر پیسہ خرچ کرنا چاہئے۔

تعلیم پر جتنا پیسہ خرچ ہوسکتا ہے کریں سب ٹھیک ہوجائے گا۔ تعلیم کی بہتری ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہئے۔ ہم اپنی ذمہ داری قبول کرتے ہیں لیکن قائم علی شاہ، آصف علی زرداری اور ایم کیو ایم کو بھی اپنی ذمہ داری قبول کرنی چاہئے۔ ہمارے تمام سیاسی مقاصد صرف اور صرف پاکستان کیلئے ہونے چاہئیں۔

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ را کی سپورٹ میں الطاف حسین کا ایک بیان ریکارڈ پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ موجود ہیں جو پاکستان کے خلاف کام کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر دفاع نے کہاکہ حقائق سامنے آنے کا وقت آگیا ہے اور بھارتی روابط کی شکل آشکار ہو رہی ہے۔ موجودہ حکومت مسلح افواج کے تعاون سے ملک سے دہشت گردی کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

بھارت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو متاثر کرنے کی کوشش کی لیکن ہم نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کو مکمل طور پر ختم کرنے کا عزم کر رکھا ہے جس کے لئے ہماری مسلح افواج لازوال قربانیاں دے رہی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جوا ب میں خواجہ محمد آصف نے کہا کہ تحریک انصاف والے جوکہ اسمبلی کو جعلی اسمبلی کہتے ہیں، دھرنا بھی دیتے اور سینکڑوں دن کنٹینروں پر کھڑے رہنے کے بعد اسی اسمبلی سے تنخواہیں بھی وصول کرتے ہیں جس پر مجھے کہنا پڑتا ہے کہ کچھ توشرم و حیا ہونی ہے۔

دھاندلی کا شور کرنے والوں کے کے پی کے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ریکارڈ دھاندلی ہوئی ہے جو سب کے سامنے ہے۔ پی ٹی آئی نے 126 دن کی بھی ساری مراعات استعمال کی ہیں۔ عمران خان جنہیں 80 لاکھ ووٹ ملے وہ بتائیں انہوں نے لوگوں کو کیا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی معیشت کو مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ قومی اداروں کی بہتری کیلئے بھی کوشاں ہیں ہماری خواہش ہے کہ تین سال کے بعد عوام کی عدالت میں سرخرو ہوکر جائیں جس کے لئے اہم اور موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔

سندھ میں گورنر راج لگائے جانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر دفاع نے کہاکہ سندھ میں گورنر راج سے متعلق میرے سامنے کوئی بات نہیں ہوئی ہے اور میرے علم کے مطابق گورنر سندھ سے استعفیٰ بھی نہیں مانگا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :