مسجد نبوی میں توسیع کا کام جاری رکھا جائے ‘شاہ سلمان

جمعہ 3 جولائی 2015 12:54

مسجد نبوی میں توسیع کا کام جاری رکھا جائے ‘شاہ سلمان

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء)خادم الحرمین الشریفین نے مسجد حرم کے ساتھ مسجد نبوی کی توسیع کے منصوبے پر کام تیزی کے ساتھ جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ ریاض حکومت الحرمین الشریفین کے توسیعی منصوبوں پر کام جاری رکھنے کے ساتھ پوری دنیا میں مسلمانوں اور اسلام کی خدمت کے منصوبوں پر کام جاری رکھے گی مدین الرسول صلی اللہ علیہ وسلم کے باسیوں اور زائرین روضہ رسول کی خدمت اور فلاح بہبود کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائیگا۔

عرب میڈیا کے مطابق شاہ عبداللہ نے ان خیالات کا اظہار مسجد نبوی کے توسیعی پروجیکٹ پر جاری کام کے حوالے سے بریفنگ لینے کے بعد کیا۔ گذشتہ روز معاون وزیر خزانہ محمد بن حمود اور توسیعی منصوبے کے دیگر ذمہ داران نے شاہ سلمان کو مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کی توسیع کے حوالے سے اب تک مکمل ہونے والے کام اور جاری کام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

شاہ سلمان کو مسجد نبوی کی توسیع کے علاوہ جامع مسجد قباء کی توسیع، دارالھجرہ پروجیکٹ کے تحت 100 رہائشی اور کمرشل اپارٹمنٹس کی تعمیر کی تکمیل کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔خیال رہے کہ مدینہ منورہ میں دارالھجرہ پروجیکٹ کا آغاز سابق فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے دور میں ہوا تھا جسے اب مکمل کر لیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ایک لاکھ 20 ہزار افراد کے لیے رہائشی مکانات تعمیر کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ ٹرانسپورٹ کے لیے سڑکوں کا قیام، زائرین روضہ رسول کے ھجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات، توسیع مسجد نبوی اور دیگر مقدس مقامات کی توسیع کے دوران متاثر ہونے والے شہریوں کی بحالی اور آباد کاری اور مدینہ منورہ میں بین الاقوامی کانفرنس سینٹر کے قیام جیسے منصوبوں کے بارے میں بھی شاہ سلمان کو تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔