شام ‘خودکش بمباروں کا امیر امریکی ڈرون حملے میں ہلاک

جمعہ 3 جولائی 2015 12:54

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان کے اعلان کے مطابق تیونس سے تعلق رکھنے والا داعش کا اہم جنگجو شام کے علاقے الشدادی میں کئے جانے والے امریکی ڈرون حملے میں ہلاک ہو گیا ۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق طارق بن الطھار العونی الحرزی داعش کیلئے چندہ اکٹھا کرتا تھا اور غیر ملک جنگجووٴں کو ملک میں لانے کی کوششوں کی نگرانی کرتا تھا امریکا کے محکمہ خارجہ نے اسے ”خود کش بمباروں کا امیر“ نام دے رکھا تھا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق طارق بن الطھار العونی الحرزی نے لیبیا سے شام اسلحہ منتقلی میں خصوصی کردار ادا کیا وہ عراق میں بارود سے بھری گاڑیوں کے ذریعے خودکش حملے کرانے میں خصوصی معاونت کرتا رہا ہے۔طارق بن الطھار داعش کی صفوں میں پہلے پہل شامل ہونے والے جنگجووں میں نمایاں نام تھا۔ امریکی دفتر خارجہ کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیسک کی ویب سائٹ پر طارق بن الطھار العونی الحرزی سے متعلق اطلاع دینے والے کے لئے تین ملین امریکی ڈالر مالیت کا انعام دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔پینٹاگان کے ترجمان کیپٹن جیف ڈیوس نے کہاکہ الحرزی شدادی میں 16 جون کو ایک امریکی ڈرون حملے میں مارا گیا۔

متعلقہ عنوان :