گو جرانوالہ : ٹرین حادثے میں شہدا کی تعداد 18 ہو گئی، امدادی کارروائیاں جاری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 3 جولائی 2015 10:40

گو جرانوالہ : ٹرین حادثے میں شہدا کی تعداد 18 ہو گئی، امدادی کارروائیاں ..

گوجرانوالہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 03 جولائی 2015 ء): گوجرانوالہ ٹرین حادثے میں شہید مزید چار افراد کی لاشیں ملنے کے بعد شہداء کی تعداد 18 ہو گئی۔ وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر حادثے کی تحقیقیات کے لیے پاک فوج اور ریلوے حکام کی چار ارکان پر مشتمل مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی، تحقیقاتی ٹیم 72 گھنٹے میں رپورٹ تیار کرکے پیش کرے گی۔

پاک فوج کے دو ہیلی کاپٹر اور سپیشل سروسز گروپ کے ماہر غوطہ خور ہیڈ چھناواں کے قریب امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، ریسکیو آپریشن کے دوران 4 مزید افراد کی لاشیں نکالی گئی ہیں جس میں ایک نامعلوم شخص کی لاش بھی شامل ہے۔ لاشوں کی شناخت صوبیدار میجر اسلام، نائیک عارف نصیر کے نام سے ہوئی۔ کرنل عامر کے 15 سالہ بیٹے کی لاش بھی مل گئی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف ریلیف انجن کو پل تک پہنچانے کیلئے متاثرہ ٹریک کی مرمت کا کام بھی جاری ہے۔ ریلیف انجن کی مدد سے پانی میں ڈوبی بوگیوں کو نکالا جائے گا۔ کور کمانڈر گوجرانوالہ براہ راست امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ پنو عاقل سے کھاریاں جانے والی ٹرین گزشتہ روز دن بارہ بجے کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔ ٹرین میں چھ مسافر بوگیوں کے علاوہ اکیس مال بردار بوگیاں بھی تھیں۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی لواحقین کی ڈھارس بندھانے گوجرانوالہ پہنچے اور زخمیوں کی عیادت بھی کی۔ یاد رہے کہ گوجرانوالہ میں ٹرین کی بوگیاں گرنے کا واقعہ گذشتہ روز دوپہر بارہ بجے کے قریب تحصیل وزیرآباد کے ہیڈ چھناواں برج پر پیش آیا۔ پُل عبور کرتی ٹرین اچانک بیٹھ جانے سے نہر میں جاگری ، ٹرین کی آدھی بوگیاں نہر میں گریں اور آدھی پانی سے باہر رہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اسپیشل ٹرین فوج کے جوانوں کو کھاریاں لے جا رہی تھی.