کراچی ، تجاوزات کے خاتمے کیلئے بلدیہ عظمیٰ کے محکمہ انسداد تجاوزات کی کارروائی

مین واٹر پمپ بازار کی گلی اور ملحقہ سڑکوں اور فٹ پاتھ پر موجود سینکڑوں کی تعداد میں تجاوزات کا خاتمہ

جمعرات 2 جولائی 2015 23:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی روشن علی شیخ کی ہدایت پر سڑکوں اور شاہراہوں کو تجاوزات سے پاک کرنے اور خاص طور پر بڑے بازاروں اور کاروباری مراکز کے اطراف تجاوزات کے قیام کی حوصلہ شکنی کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے کارروائی کرتے ہوئے مین واٹر پمپ بازار کی گلی اور اس سے ملحقہ سڑکوں اور فٹ پاتھ پر موجود سینکڑوں کی تعداد میں تجاوزات کا خاتمہ کردیا یہ اقدام علاقہ مکینوں اور کاروباری برادری کی طرف سے ان شکایات کی روشنی میں کیا گیا کہ تجاوزات مافیا نے علاقے میں جگہ جگہ ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور شہریوں کا خریداری کیلئے یہاں آنا دشوار ہوگیا ہے جس پر محکمہ انسداد تجاوزات نے ڈی سی سینٹرل کے اشتراک سے بھاری مشینری اور عملے کے ذریعے آپریشن کرتے ہوئے بڑی تعداد میں سڑک اور فٹ پاتھ پر قائم کئے گئے تمام پتھارے، کیبن، چھپڑ، ٹھیلے، کاؤنٹرز، پنکچر شاپس اور دیگر تجاوزات کو ہٹاکر کے ایم سی اسٹور میں جمع کرادیا، سینئر ڈائریکٹر انسدادتجاوزات مظہر خان کی نگرانی میں انجام دی گئی اس کارروائی کے موقع پر ڈپٹی کمشنر سینٹرل افضل زیدی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شجاعت علی، اسسٹنٹ کمشنر سمیرا حسین اور دیگر افسران کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری بھی اس دوران کسی بھی خوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے موجود تھی، اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سینئر ڈائریکٹر مظہر خان نے کہا کہ واٹر پمپ کے علاقے میں پہلے بھی مرکزی بازار اور اطراف میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جاچکا ہے تاہم یہاں دوبارہ تجاوزات قائم کرلی گئی تھیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق فیصلہ کیا گیا ہے کہ جن جگہوں پر تجاوزات ایک بار ہٹائی جاچکی ہیں ان کی مکمل نگرانی کی جائے تاکہ وہاں دوبارہ تجاوزات کے قیام کی حوصلہ شکنی کی جاسکے انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران سڑکوں اور چوراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے تجارتی مراکز کے گرد تجاوزات کا خاتمہ ضروری ہے تاکہ رمضان اور عید کی خریداری کے لئے آنے والے شہریوں کو ٹریفک جام کی صورتحال سے بچایا جاسکے اور وہ اطمینان کے ساتھ ماہ صیام کے دوران اپنے معمولات زندگی انجام دے سکیں، انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف مہم بغیر رکاوٹ کے جاری رہے گی اور شہر سے ہر قسم کی تجاوزات کا ترجیحی بنیاد پر خاتمہ کیا جائے گا تاکہ تجاوزات کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل سے شہریوں کو نجات دلائی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :