گوجرانوالہ ٹرین حادثہ افسوسناک ہے ،پل انگریز دور کے تعمیر شدہ اور انتہائی خطرناک ہیں، سروے کرایا جائے، تخریب کاری کے خدشے کے حوالے سے تحقیقات ہونی چاہئیں

سابق وفاقی وزیر ریلوے اور مسلم لیگ(ن) کے رہنما سردار یعقوب ناصرکی میڈیا سے گفتگو

جمعرات 2 جولائی 2015 22:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) سابق وفاقی وزیر ریلوے اور مسلم لیگ(ن) کے رہنما سردار یعقوب ناصر نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں ریلوے کے پل انگریز دور کے تعمیر شدہ اور انتہائی خطرناک ہیں، ان کا سروے کرایا جائے، ہم اب تک اپنے پلوں کے نظام کو جدید نہیں بنا سکے، خواجہ سعد رفیق نے ٹرین حادثے میں تخریب کاری کے جس خدشے کا اظہار کیا ہے اس کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

جمعرات کو میڈیا سے گفتگو کے دوران سردار یعقوب ناصر نے گوجرانوالہ ٹرین حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پلوں کے نظام کو جدید بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں بھی وزیر ریلوے رہ چکا ہوں اور مجھے اس وقت بتایا گیا کہ یہ پل انگریز دور کے اور 100سال پہلے کے تعمیر شدہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی خطرناک ہیں، بعض پل 100سال قبل بنے تو بعض 1940 کی دہائی میں بنے، اب یہ انتہائی خستہ ہو چکے ہیں اور بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ان پلوں اور ان کے اوپر ریلوے پٹڑیوں کا سروے ہونا چاہیے تا کہ مسافروں کو جانی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ یعقوب ناصر نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم پلوں کے اس نظام کو اپ ڈیٹ نہیں کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ ٹرین حادثے میں تخریب کاری کے پہلو کو بھی دیکھنا چاہیے اور اس کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے جو کہا ہے اس حوالے سے بھی تحقیقات ہونی چاہئیں۔

متعلقہ عنوان :