Live Updates

بھارت دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ کو متاثر کر رہا ہے، ’’را‘‘ کی حمایت میں الطاف حسین کا ایک بیان ریکارڈ پر ہے، پرویز مشرف نے الطاف حسین کو لندن میں مروا نے کا بیان دیا تھا ، شہباز شریف نے 6ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا بیان غلط دیا تھا، سیاست میں غلطی کو تسلیم کرلینا چاہیے، تحریک انصاف نے دھرنا بھی دیا اور مراعات بھی ساری حاصل کرلیں ، کچھ شرم کرو، حیا کرو، ہمیں پیٹ کاٹ کر پیسہ تعلیم پر لگانے کی ضرورت ہے، 1984ء میں ضیاء الحق کے ریفرنڈم کی حمایت کی تھی

وزیر دفاع خواجہ آصف کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

جمعرات 2 جولائی 2015 22:55

بھارت دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ کو متاثر کر رہا ہے، ’’را‘‘ کی حمایت ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہا ہے، ’’را‘‘ کی سپورٹ میں الطاف حسین کا ایک بیان ریکارڈ پر ہے، پرویز مشرف نے کہا تھا کہ الطاف حسین کو لندن میں مروا دیتے ہیں، شہباز شریف نے 6ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا بیان غلط دیا تھا، سیاست میں غلطی کو تسلیم کرلینا چاہیے، تحریک انصاف نے 126 دن کا دھرنا بھی دیا اور مراعات بھی ساری حاصل کرلیں، مجھے پھر کہنا پڑتا ہے کچھ شرم کرو، حیا کرو، ہمیں پیٹ کاٹ کر پیسہ تعلیم پر لگانے کی ضرورت ہے، ہمارے سیاسی مقاصد صرف پاکستان کیلئے ہونے چاہئیں، ہم نے 1984ء میں ضیاء الحق کے ریفرنڈم کی حمایت کی تھی۔

وہ جمعرات کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں انٹرویو دے رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس بات کا کوئی شک نہیں کہ بھارت سے پاکستان میں کچھ لوگوں کو فنڈنگ ہوتی ہے، بھارت نے ہماری دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ متاثر کرنے کی بھی کوشش کی اور پاکستان میں ایسے لوگ موجود ہیں جو اسٹیٹ کے خلاف کام کر رہے ہیں اور را کی سپورٹ میں الطاف حسین کا ایک بیان بھی ریکارڈ پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ حقائق سامنے لانے کا وقت آ گیا ہے، الطاف حسین نے ہمیشہ ملک کے خلاف بات کی ہے، پرویز مشرف نے کہا تھا کہ الطاف حسین کو لندن میں مروا دیتے ہیں۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ہمارے سیاسی مقاصد صرف پاکستان کیلئے ہونے چاہئیں، شہباز شریف نے چھ ماہ میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا وعدہ غلط کیا تھا لیکن اب ہم توانائی کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں،2018ء تک بجلی بحران کا خاتمہ ہو جائے گا، کراچی میں بجلی بحران کے ذمہ دار قائم علی شاہ، آصف زرداری اور ایم کیو ایم ہے، انہیں ذمہ داری قبول کرنی چاہیے، وزیراعظم نواز شریف اور ہم چاہتے ہیں کہ ایسا ورثہ چھوڑ کر جائیں جسے آنے والی نسلیں یاد کریں۔

خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ہم الیکشن میں دھاندلی کی لڑائی اسلام آباد میں لڑ رہے ہیں، جبکہ سب سے زیادہ دھاندلی خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہے، اتنے بندے یہاں نہیں مرے جتنے کے پی کے میں مر گئے، ایک طرف اسمبلی پر الزام لگاتے ہیں پھر اس سے تنخواہ بھی لیتے ہیں،126 دن تک عوام کو پریشان کیا اور تنخواہیں بھی لیں، ہر چیز شوکت خانم کے اکاؤنٹ میں ڈال رہے ہیں، اس پر مجھے پھر کہنا پڑے گا شرم کرو، حیا کرو، میں تو ایسی سیاست پر لعنت بھیجتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے دھرنے کے دوران تمام مراعات حاصل کیں، سیاست میں اپنی غلطی کو تسلیم کرلینا چاہیے، میاں نواز شریف صانب نے بھی اپنی غلطیاں تسلیم کیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ پیسہ تعلیم پر لگانے کی ضرورت ہے، جو ہر کسی کا حق ہے، ملک میں ایسا تعلیمی نظام ہو جس میں میں بھی اپنے بچوں کو تعلیم دلوا سکوں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات