وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد کی صدارت میں وزیراعظم کے شکایات سیل کا اجلاس

تمام صوبوں میں روزگار کے خصوصی سیل قائم کرنے کا فیصلہ ، معذور افراد کی رجسٹریشن کی جائے گی اور انہیں انڈوومنٹ فنڈز بھی دیا جائے گا

جمعرات 2 جولائی 2015 22:52

اسلام آباد ۔ 2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) وزیراعظم کے شکایات سیل کا اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا۔ اجلاس میں شکایات سیل کے اعلیٰ حکام، وزارت پارلمانی امور اور متعلقہ صوبائی محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں مذکورہ سیل کے کام کی رفتار تیز کرنے کے سلسلہ میں مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر شکایات سیل کا قیام عمل میں لایا گیا۔

پارلیمانی امور کے وزیر مملکت شیخ آفتاب احمد جو سیل کے سربراہ ہیں۔ انہوں نے اجلاس کی صدارت کی جس میں تمام صوبوں میں روزگار کے خصوصی سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جن میں معذور افراد کی رجسٹریشن کی جائے گی اور انہیں انڈوومنٹ فنڈز بھی دیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد خان نے کہا کہ معذور افراد کو روزگار دیا جانا چاہیے اور انہیں روزگار کے حصول تک وظیفہ بھی دیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معاشرہ کے محروم طبقات کی دیکھ بھال کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور انہیں صحت، تعیلم، امن، سیکورٹی اور روزگار وغیرہ کی فراہمی بھی ریاستی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے ہر پاکستانی شہری کو انصاف اور سیکورٹی کی فراہمی کا عزم کر رکھا ہے اور جو کوئی بھی حکومت سے رجوع کرے گا اس کے معاملہ کی نوعیت کے مطابق داد رسی کی جائے گی۔ شیخ آفتاب احمد نے متعلقہ حکام کو اپنے فرائض مستعدی سے سر انجام دینے کی ہدایت بھی کی۔

متعلقہ عنوان :