جاپانی ماہرین گارمنٹس کے شعبہ میں چھوٹے درجہ کے کاروبار کی مارکیٹنگ اور مصنوعات میں تنوع لانے کے سلسلہ میں تربیت فراہم کریں گے،وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری اور جائیکا کے اعلیٰ حکام کے مشترکہ اجلاس میں اتفا ق

جمعرات 2 جولائی 2015 22:32

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء ) وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری اور جاپان کی بین الاقوامی تعاون ایجنسی (جائیکا)کے اعلیٰ حکام کے مابین اجلاس ہوا۔ جس میں جائیکا کی ٹیم کی قیادت تکا فومی یوسیدا سینئر ایڈوائزر جائیکا اور وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری کی ٹیم کی قیادت وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری کے سیکرٹری عامر مروت نے کی۔جس میں ملبوسات سازی (گارمنٹ انڈسٹری کی ’’سگل ڈیویلپمنٹ اور مارکیٹ کو متنوع بنانے‘‘ کے پراجیکٹ کا دائرہ کار بنانے کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں چیئرمین پاکستان ریڈی میڈگارمنٹس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین اعجاز کھوکھر، پاکستان نٹ ویئر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین عادل بٹ، وائس چیئرمین پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس ٹیکنکل انسٹی ٹیوٹ لاہور کے وائس چیئرمین سہیل افضل ، پاکستان ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے رکن ،وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری کے سینئر افسران اور جائیکا کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں باہمی طورپر اتفاق کیا گیا کہ جائیکا کے ماہرین گارمنٹس کے شعبہ خاص طورپرانٹرنیشنل مارکیٹ میں چھوٹے درجہ کے کاروبار کی مارکیٹنگ اور مصنوعات میں تنوع لانے کے سلسلہ میں تربیت فراہم کریں گے ۔ اس پراجیکٹ کے دوسرے مرحلے میں ای ڈی ایف فنڈڈ اداروں کے ارکان کی صلاحیتوں میں اضافہ پاکستان ہوزری مینوفیکچررز ایسوسی ایشن پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کی طرف سے چلائے جاے والے اداروں کی صلاحیتوں میں اضافہ پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔

جائیکا کے ماہرین ان اداروں کو تربیت دیں گے اور اداروں کیلئے ضروری مشینری فراہم کریں گے۔ تیسرے جزو کا تعلق فیصل آباد گارمنٹ سٹی کے ادارہ کو تربیت دینے سے ہے۔جس کو جائیکا گارمنٹس شعبہ کیلئے مہارت بڑھانے کیلئے درکار ضروری مشینری اور تربیت فراہم کرے گا۔اس موقع پر جائیکا کے سینئر ایڈوائزر تکا فومی یوسیدا نے کہا کہ جائیکا نے 1993ء میں نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد کو اپ گریڈ کرنے میں مدد کی تھی۔

اب نئے پراجیکٹ سے جائیکا اور وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری میں تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگا جائیکا ٹیکسٹائل صنعت کے مختلف شعبوں میں ٹیکنیکل معاونت اور امداد فراہم کرے گا۔وزارت ٹیکسٹائل انڈسٹری کے سیکرٹر ی نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کی ٹیکنیکل معاونت پرجائیکا کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ سے 2014ء سے لے کر 2019تک کی ٹیکسٹائلز پالیسی کے طے شدہ اہداف اور اغراض ومقاصد پورے کرنے میں مدد ملے گی۔

متعلقہ عنوان :