وزیراعظم کے شکایات سیل کے اجلاس میں کام کی رفتار تیز کرنے کے سلسلہ میں مختلف امور کا جائزہ ،تمام صوبوں میں روزگار کے خصوصی سیل قائم کرنے کا فیصلہ

جمعرات 2 جولائی 2015 22:32

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء ) وزیراعظم کے شکایات سیل کے اجلاس میں سیل کے کام کی رفتار تیز کرنے کے سلسلہ میں مختلف امور کا جائزہ لیا گیا ،تمام صوبوں میں روزگار کے خصوصی سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جن میں معذور افراد کی رجسٹریشن کی جائے گی اور انہیں انڈومنٹ فنڈ بھی دیا جائے گا۔جمعرات کو یہاں وزیراعظم کے شکایات سیل کا اجلاس یہاں منعقد ہوا۔

اجلاس میں شکایات سیل کے اعلیٰ حکام ، وزارت ، پارلیمانی امور اور متعلقہ صوبائی محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں مذکورہ سیل کے کام کی رفتار تیز کرنے کے سلسلہ میں مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس دفتر کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر قائم کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

پارلیمانی امور کے وزیر مملکت شیخ آفتاب اس سیل کے سربراہ بھی ہیں ۔

انہوں نے اجلاس کی صدارت کی جس میں تمام صوبوں میں روزگار کے خصوصی سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جن میں معذور افراد کی رجسٹریشن کی جائے گی اور انہیں انڈومنٹ فنڈ بھی دیا جائے گا۔اجلاس کے دوران وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے کہا کہ معذور افراد کو روزگار دیا جانا چاہئے اور انہیں روزگار کے حصول تک وظیفہ بھی دیا جانا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ معاشرہ کے محروم طبقات کی دیکھ بھال کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے اور انہیں صحت، تعلیم ، امن، سیکورٹی اور روزگار وغیرہ کی فراہمی بھی ریاستی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت نے ہر پاکستانی شہری کو انصاف اور سیکورٹی کی فراہمی کا عز م کررکھا ہے اور جو کوئی بھی حکومت سے رجوع کرے گا اس کے معاملہ کی نوعیت کے مطابق داد رسی کی جائے گی۔شیخ آفتاب احمد نے متعلقہ حکام کو اپنے فرائض مستعدی سے سرانجام دینے کی ہدایت بھی کی۔

متعلقہ عنوان :