کسی کو جنگلات کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ، محکمہ کے حکام پر حملہ میں ملوث ٹمبر مافیا کے خلاف سخت کارروائی کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب سے بات کرونگا، جنگلات کے کٹاؤ کی روک تھام کی جامع پالیسی کابینہ سے منظوری کیلئے رواں ماہ پیش کی جائے گی ، جنگلات کے کٹاؤ کی روک تھام کے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے

وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی مشاہد اﷲ خان کا محکمہ جنگلات پنجاب کے افسر ارشاد اﷲ گوندل کی عیادت کے موقع پر گفتگو

جمعرات 2 جولائی 2015 22:32

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء ) وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی مشاہد اﷲ خان نے جنگلات فطرت کا حسن ہیں اور قدرتی حسن کو تباہ کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جا سکتی ، محکمہ جنگلات کے حکام پر حملہ میں ملوث ٹمبر مافیا کے خلاف سخت کارروائی کے لیے ازخود وزیر اعلیٰ پنجاب سے بات کریں گے، جنگلات کے کٹاؤ کے روک تھام کی جامع پالیسی کابینہ سے منظوری کے لیے رواں ماہ پیش کی جائے گی ، جنگلات کے کٹاؤ کی روک تھام کے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

جمعرات کو ہولی فیملی ہسپتال میں زیر علاج محکمہ جنگلات پنجاب کے افسر ارشاد اﷲ گوندل کی عیادت کی جنہیں چند دن قبل ٹمبر مافیا نے کہوٹہ کے علاقے بھون میں حملہ کر کے زخمی کر دیا تھا ۔وفاقی وزیر مشاہد اﷲ خان نے ارشاد اﷲ گوندل کی جلد صحت یابی کے لیے دعا اور ان کے لیے نیک تناؤں کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مشاہد اﷲ خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وہ وزیر اعلی پنجاب سے محکمہ جنگلات کے حکام پر حملہ میں ملوث ٹمبر مافیا کے خلاف سخت کارروائی کے لیے ازخود بات کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ جنگلات فطرت کا حسن ہیں اور قدرتی حسن کو تباہ کرنے کی کسی کو بھی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ جنگلات کے کٹاؤ کے روک تھام کی جامع پالیسی کابینہ سے منظوری کے لیے رواں ماہ پیش کی جائے گی ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ جنگلات کے کٹاؤ کی روک تھام کے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ جنگلات کے افسر پر تشدد کے مرتکب 20افراد کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج ہو چکا ہے اور ان کے خلاف تمام ممکنہ اقدامات عمل میں لائے جائیں گے اور ٹمبر مافیا کو کٹہرے میں لایا جائے گا ۔

ہولی فیملی ہسپتال کے دورے کے موقع پر وفاقی وزیر کے ہمراہ ایم این اے مریم اورنگزیب ،ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر محکمہ جنگلات پنجاب افتخار الحسن فاروقی ،ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر محکمہ جنگلات راولپنڈی ڈویژن ٹمبر عابد حسین گوندل محکمہ جنگلات پنجاب کے اعلی حکام بھی موجود تھے ۔ڈی ایف او فارسٹ راولپنڈی افتخار الحسن فاروقی نے کہا کہ وفاقی وزیر کی جانب سے زخمی آفیسر کی عیادت سے محکمہ کے تمام افسران کا مورال بلند ہوا ہے اور انہیں نیا حوصلہ ملا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ اگر اعلی سطح پر اسی طرح حوصلہ افزائی ہوتی رہے تو کسی بھی ادارے کی استعداد کار میں اضافہ ہوتا ہے ۔واضح رہے کہ چند دن قبل سب ڈویژنل فارسٹ آفیسر کلر سیداں ارشاد اﷲ گوندل نے مخبر کی اطلاع پر کہوٹہ کے علاقے بھون میں 2فارسٹ گارڈز اور چوکیدار کے ہمراہ چھاپہ مار کر چوری شدہ لکڑی سے بھری ٹرالی پکڑی تھی ۔جس پر ٹمبر مافیا کے 20سے22 افراد نے ایس ڈی ایف او ارشاد اﷲ گوندل اور ان کی ٹیم پر حملہ کر دیا ۔حملے میں شدید زخمی ارشاد اﷲ گوندل کو ٹمبر مافیا کے کارندوں نے پہاڑ سے نیچے گرا دیا ۔بعدا زاں زخمی آفیسر ارشاد اﷲ گوندل کوہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں داخل کرا دیا گیا تھا ۔

متعلقہ عنوان :