کراچی میں گرمی اورلوڈ شیڈنگ کی وجہ سے اموات پر وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایک دوسرے کو ذمہ دار ٹھہرانے کی بجائے مسئلہ حل کریں، امتیاز رانجھا

جمعرات 2 جولائی 2015 22:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سینئر نائب صدر چوہدری امتیاز احمد رانجھا نے کہا ہے کہ کراچی میں گرمی اور لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے اموات پر وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایک دوسرے کو ذمہ دار ٹھہرانے کی بجائے مسئلہ حل کریں ، پورے ایک مہینے سے ایسے لگ رہا ہے جیسے ملک میں کوئی نظام یا حکومت نہیں ہے ، اگر ہر کام فوج نے ہی کرنا ہے تو جہہوریت کا راگ الاپنے والے کس مرض کی دوا ہیں، یہاں پر ایک دوسرے کی کرپشن اور نا اہلی کو جمہوریت کے پردے میں چھپائے جانے کا رواج عام ہے ، مسلم لیگ ہاؤس سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں چوہدری امتیاز احمد رانجھا کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کا عالم یہ ہے کہ دارلحکومت کے سب سے بڑے ہسپتال پمز جس کی تمام مشنری اور پورا سسٹم خراب ہے،مریض وہاں جاتے ہوئے خوفزدہ ہو جاتے ہیں لیکن حکومت نے اپنے ایک ایم این اے کے بھائی کو نوازنے کے لئے اسے اوپر بٹھا دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ یہاں سارا زور جھوٹی پبلسٹی اور نمائشی پروگراموں پر ہے صرف اس کام پر توجہ دی جاتی ہے جو میڈیا میں دکھایا جاتا ہے ،انہوں نے کہا کہ وزراء ٹھنڈے کمروں میں بیٹھے ہوئے عوامی مسائل سے لاتعلق نظر آتے ہیں ،ہم چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ سانحہ کراچی پر سوموٹو ایکشن لیا جائے اور ذمہ داروں کو سخت سزادی جائے ، قوم 60سالوں وعدوں اور دلفریب نعروں پر گزارا کر رہی ہے حالات ہیں کہ دن بدن بدتر ہوتے جا رہے ہیں کسی کو نہ عوام کی پرواہ ہے نہ خدا کا خوف۔

متعلقہ عنوان :