سیاست میں خواتین کی شرکت مہذب اور متوازن معاشرے کی نشاندہی ہے،جاوید انتظار

جمعرات 2 جولائی 2015 22:27

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) اُمیدوار برائے چیئرمین یو سی 46، جی ۔سیون تھری ون ؍تھری ٹو جاوید انتظار نے کہا ہے کہ سیاست میں خواتین کی شرکت مہذب اور متوازن معاشرے کی نشاندہی ہے۔ہمارا منشور خواتین کے مساوی حقوق کے تحفظ کا ضامن ہے ۔جس مہم میں خواتین سرگرم ہو جائیں وہ کامیاب ہو جاتی ہے ۔خواتین کی اکثریت ہمارے ساتھ ہے ۔

وہ لیڈی کونسلر نرگس طاہر کی رہائش گاہ پر خواتین کی کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر جاوید اختر انتظار انتخابی پینل کی وائس چیئرمین نرجس جاوید نجمہ ، لیڈی کونسلر نرگس طاہر ، جنرل کونسلر شیخ حبیب احمد ودیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔جاوید انتظار نے کہاکہ ہمارے انتخابی پینل میں وائس چیئرمین اور دو لیڈیز کونسلر ہیں ۔

(جاری ہے)

آبادی اور ووٹوں کے تناسب سے خواتین کو سب سے زیادہ نمائندگی دی ہے ۔

بچیوں کو تعلیم کی طرف راغب کرنے کا جامع منصوبہ اور ٹھوس حکمت عملی طے کر لی ہے ۔دیگر سیاسی جماعتوں کو چھوڑ کر آنے والی خواتین کو کبھی مایوس نہیں کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے لیڈرز بڑے آمر ہیں ۔وہ اپنی سیاسی جماعتوں میں جمہوریت نہیں آنے دیتے ۔ہم باہمی اتفاق اور اتحاد سے یوسی 46میں سیاسی جماعتوں کو شکست فاش دیں گے ۔ہماری سوچ ،نظریہ اور منشور حق بات اور عوامی فلاح و بہبود ہے ۔یوسی 46میں نظام کی بالادستی کی قابل ِ تقلید مثال قائم کریں گے ۔چڑیاں بھی آپس میں اتحاد کر لیں تو شیر کی کھال کھینچ لیتی ہیں ۔آخر میں انہوں نے خواتین کو منظم لائحہ کے تحت انتخابات میں کارکردگی دکھانے کا ٹاسک دیا۔