کسی کو پارٹی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائیگی ، اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے وزیر اعظم کی ہدایت پر کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے

مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل سینیٹراقبال ظفر جھگڑا کابیان

جمعرات 2 جولائی 2015 22:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل سنیٹر اقبال ظفر جھگڑانے کہا ہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابا ت کے حوالے سے وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف کی ہدایت پر ایک کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے اور پارٹی ان الیکشن کے حوالے سے تمام معاملات کا جائزہ لے گی اور یونین کونسلر کے امید وارں کو حتمی شکل دے گی۔

اس کمیٹی کے کنونیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کو مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ممبر ان میں سٹی صدر راجہ عظمت جاوید، سٹی جنرل سیکرٹری ساجد عباسی، رورل صدر راجہ وقار ممتاز ،رورل جنرل سیکرٹری چوہدری توصیف، ملک ابرار احمد (ایم این اے)، انجم عتیق خان، چوھدری اشرف گجر اور سردار مہتاب احمد شامل ہیں۔ جمعرات کو اپنے بیان میں اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ پارٹی کسی طرح کی دھڑے بندی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور کچھ لوگ پارٹی کانام استعمال کر رہے ہیں ان کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پارٹی کے اصولوں کے خلاف کسی کو ہر گزکوئی اقدام اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ پارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچائیں اور نام نہاد گروپ بنا کر پارٹی کو کمزور کرنے کی سازش کریں۔ انھوں نے کہا کارکن پارٹی کا اثاثہ ہے اور ہم ہر قمیت پر پارٹی اور کارکنان کے مفاد کا تحفظ کرے گے اور پارٹی امور کے متعلق تمام فیصلوں کا اختیار وزیر اعظم صاحب کی نامزد کردہ کمیٹی کو حاصل ہے۔