کراچی میں زبردستی فطرہ وصول کرنے کے الزام میں ایم کیوایم کے16 کارکنان گرفتار

جمعرات 2 جولائی 2015 22:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے زبردستی فطرہ وصول کرنے کے الزام میں رینجرز نے 16 کارکنان کو گرفتار کرلیا ہے،جبکہ ایم کیو ایم کی جانب سے رینجرز کی کارروائی کی مذمت کی گئی ہے۔ جمعرات کو سندھ رینجرز کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ رضویہ سوسائٹی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے رینجرز نے ایم کیو ایم کے 16 کارکنان کو گرفتار کیا جو زبردستی علاقے میں فطرانہ جمع کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

گرفتار افراد کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ان کے قبضے سے ایک ہزار کے قریب فطرانہ کی پرچیاں اور 31500 روپے بھی برآمد ہوئے،رینجرز نے سیکٹر آفس میں موجود کارکنوں سے فطرانے کی پرچیاں اور مختلف افراد کو دیئے گئے اہداف کی فہرست بھی برآمد کی۔اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ رینجرز گرفتار افراد کو عدالت میں پیش کرے گی تفتیش میں بے گناہ ثابت ہونے والے افراد کو رہا کردیا جائے گا۔خیال رہے کہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) سندھ رینجرز بلال اکبر کی جانب سے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں بتایا گیا تھا کہ کراچی میں زکواة۔ فطرانہ، قربانی کی کھالوں، زمینوں پر قبضوں سمیت دیگر جرائم کے ذریعے سالانہ 230 ارب روپے جمع ہوتے ہیں اس رقم کو جرائم کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :