Live Updates

پاکستان میں تبدیلی کا راستہ روکنا ممکن نہیں ، تحریک انصاف کا پیغام ملک کے طول وعرض میں پھیل چکا ہے، روایتی سیاستدانوں اور اقتدار کے کھیل میں ملوث بدعنوان عناصر کیلئے پاکستان میں زمین تنگ ہو رہی ہے، پاکستان میں صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کا خواب جلد پورا ہوگا

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی پارٹی میں نئے شامل ہونے والے سیاسی رہنماؤں سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 2 جولائی 2015 22:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں تبدیلی کا راستہ روکنا کسی صورت ممکن نہیں۔ تحریک انصاف کا پیغام ملک کے طول وعرض میں پھیل چکا ہے، روایتی سیاستدانوں اور اقتدار کے کھیل میں ملوث بدعنوان عناصر کیلئے پاکستان میں زمین تنگ ہو رہی ہے، انشاء اللہ پاکستان میں صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کا خواب جلد پورا ہوگا۔

وہ جمعرات کو یہاں پنجاب بھر کے مختلف اضلاع سے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے سیاسی رہنماؤں اور کارکنان کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں جہلم سے سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز حسین ،نارووال سے سابق وزیر مملکت طارق انیس، گوجرانوالہ سے سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر سہیل ظفر چیمہ، راجن پور سے سابق رکن قومی اسمبلی دوست محمد مزاری ،گوجرانوالہ سے چوہدری ظفر اللہ چیمہ، شیخوپورہ سے عمر آفتاب ڈھیلوں ، قصور سے بیرسٹر شاہد محمود، رانا ممتاز جویا، فیصل آباد سے چوہدری علی اختر، ڈاکٹر شفیق،نارووال سے عمر شریف شامل ہیں۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے نیشنل آرگنائزر شاہ محمود قریشی ، سنٹرل آرگنائزر جہانگیر ترین ، پنجاب کے آرگنائزر چوہدری محمد سرور اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق بھی موجود تھے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پارٹی کے کارکنان اس کا اصل سرمایہ ہیں۔ پنجاب بھر سے اہم سیاسی کارکنان اور رہنماؤں کی تحریک انصاف میں شمولیت انتہائی اطمینان کا باعث ہے، اس سے صوبے میں پاکستان تحریک انصاف کے قدم مضبوط ہوں گے۔

تحریک انصاف کے رہنماؤں کے مطابق پاکستان تحریک انصاف واحد جماعت ہے جو جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔ ملک بھر سے اہم سیاسی قائدین اور کارکنان کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اس بات کی علامت ہے کے تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جماعت جبکہ چیئرمین عمران خان ملک کے سب سے مقبول سیاسی رہنما ہیں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات