قرآن کریم مکمل ضابطہ حیات ہے جس پر عملدرآمد کر کے تمام مسائل حل کئے جا سکتے ہیں ،سینیٹر پرویز رشید

قرآن پاک کا امن و سلامتی کا پیغام صوت القرآن کے ذریعے گھر گھر پہنچے گا، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا ریڈیو پاکستان کے صوت القرآن چینل کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 2 جولائی 2015 21:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ قرآن کریم مکمل ضابطہ حیات ہے جس پر عملدرآمد کر کے تمام مسائل حل کئے جا سکتے ہیں ، قرآن پاک کا امن و سلامتی کا پیغام صوت القرآن کے ذریعے گھر گھر پہنچے گا۔جمعرات کو ریڈیو پاکستان کے صوت القرآن چینل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج پاکستان ریلوے کی ایک ٹرین کو حادثہ پیش آیا جس میں ہمارے وطن عزیز کے افسر، جوان، خواتین اور بچے شہید ہوئے ہیں ہم سب کو انسانی زندگیوں سے محروم ہونے کا افسوس ہے اور پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاء فرمائے ۔

انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کو صوت القرآن کی شکل میں جو سعادت حاصل ہوئی ہے اس میں کام کرنے والے تمام لوگوں کے درجات یقیناً بلند ہوئے ہونگے ۔

(جاری ہے)

قرآن پاک کا وہ پیغام جو دنیا میں امن اور سلامتی کا پیغام ہے صوت القرآن کے ذریعے گھر گھر پہنچے گا ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے اچھی قرأت کرنیوالے آوازوں کو ریڈیو پاکستان پر پیش کیا جائے اس کے ساتھ ساتھ پاکستانیوں کی قرأت بھی پیش کی جائے ۔

انہوں نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے اور اس پیغام کو ریڈیو کے ذریعے عام کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی ریڈیو نے ملازمین کے جن مسائل کا ذکر کیاہے انہیں اس موقع پر یہ نہیں کہنا چاہئے تھا اگر ریڈیو پاکستان کے ملازمین چاہتے تو وہ ایک دن پہلے ہی یہاں آ کر ان کے مسائل سن سکتے تھے لیکن ڈی جی نے جس طرح کے مسائل کا ذکر کیا اس سے چندہ مانگنے والے مولوی اور ریڈیو پاکستان کے درمیان فرق بہت کم رہ گیا ہے انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کے ملازمین کے مسائل حل کئے جائیں گے ۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ سال مسجد نبوی میں بیٹھے ہوئے انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کو یہ تجویز پیش کی تھی کہ ایک ایسا کام کریں جس سے لوگوں کو 24 گھنٹے قرآن پاک سننے کا موقع ملے وزیراعظم نے اس تجویز کو سراہا اور اس کی فوری منظوری دیدی اور آج یہ کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم ہمارے نبی ﷺ کا معجزہ ہے سب انبیا ء کو معجزے عطاء کئے گئے لیکن اللہ نے اپنے محبوب نبی ﷺ کو علم کا معجزہ دیا قرآن پاک تمام شعبہ زندگی کیلئے راہ ہدایت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جن کو علم و دانش کی کتاب دی گئی وہی علم میں پیچھے رہ گئے ہیں آج ہمارا علم مشاہدے، عقل اور تدبر کی بجائے رٹے پر آ گیا ہے ۔ ایک وقت تھا قرآن پاک کو پڑھنے ، سننے اور سمجھے والے بڑے بڑے سائنسدان تھے جن میں بو علی سینا، ابن خلدون اور دیگر شخصیات شامل ہیں لیکن آج وہ شخصیات کیوں پیدا نہیں ہو رہیں اگر ہم قرآن پاک کی تعلیمات کا راستہ اختیار کریں تو ہمارے تمام مسائل حل ہوجائیں گے اور ہماری زندگیوں میں امن و خوشحالی آ جائے گی سائنس کے وہ اصول جو دریافت کئے جا رہے ہیں قرآن پاک میں 14 سو سال پہلے بیان کر دیئے گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ قرآن پاک سر چشمہ ہدایت ہے اگر ہم اس کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزاریں گے تو ہماری زندگیوں میں خوشحالی آئیگی۔ انہوں نے کہا کہ 20 شہروں میں صوت القرآن شروع کیا جا رہاہے ریڈیو پاکستان کے حکام کو چاہئے کہ ہر ضلعی ہیڈ کوارٹر پر صوت القرآن چینل شروع کریں اور اس کیلئے فنڈز کی فکر نہ کریں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات محمد اعظم نے کہا کہ صوت القرآن چینل پر تلاوت کے ساتھ ساتھ تشریح کو بھی پیش کیا جائے ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل عمران گردیزی نے کہا کہ حکومت ریڈیو کے پرانے ٹرانسمیٹرز کی تبدیلی کیلئے ہماری مدد کرے ریڈیو پاکستان کے ملازمین کی کالونی کیلئے 900 کنال زمین موجود ہے اس کو استعمال میں لانے کیلئے ہماری رہنمائی کی جائے اور سرکاری اشتہارات کا کچھ حصہ ریڈیو کو بھی دیا جائے تاکہ ریڈیو کی مالی حالت بہتر ہو سکے۔

انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کے ملازمین کی تنخواہ سرکاری ملازمین کے مقابلے میں کم ہے یہ کارپوریشن ہے حکومت پاکستان ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافہ کرے تاکہ وہ بھی سرکاری ملازمین کے برابر آ سکیں۔