مدارس عربیہ سے تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کو اسلام کی حقیقی تصویر دنیا کے سامنے پیش کرنی ہے‘طاہر محمود اشرفی

اسلام نے عصر حاضر کے علوم کے حصول سے منع نہیں کیا ہے، اسلام نے بچیوں کی تعلیم پر زوردیا ہے‘پاکستان علما ء کونسل کی طلباء کے وفود سے گفتگو

جمعرات 2 جولائی 2015 21:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء ) مدارس عربیہ سے تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کو اسلام کی حقیقی تصویر دنیا کے سامنے پیش کرنی ہے،اسلام نے عصر حاضر کے علوم کے حصول سے منع نہیں کیا ہے، اسلام نے بچیوں کی تعلیم پر زوردیا ہے۔آج دینی مدارس میں ڈھائی لاکھ بچیاں تعلیم حاصل کررہی ہیں۔یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان (رجسٹرڈ)کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے مختلف مدارس کے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ آج بعض انتہا پسند اور دہشتگرد گروہ اسلام کے نام پر گمراہی پھیلارہے ہیں ایسے گروہوں کا مقابلہ کرنے کیلئے دینی مدارس کے طلباء ،علماء ،آئمہ مساجد کو جدوجہد کرنی ہوگی تاکہ اسلام کا پیغام جو امن ،سلامتی ،رواداری اور محبت کا پیغام ہے وہ دنیا تک پہنچ سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مدارس عربیہ کے بارے میں بے بنیاد پروپیگنڈہ کیاجارہاہے ۔

پاکستان میں موجود کسی بھی مدرسہ میں دہشتگردی کی تربیت نہیں دی جاتی اور اگر کسی مدرسہ میں ایسا ہورہا ہے تو حکومت اسے منظر عام لائے اور اس کیخلاف ایکشن لے۔مدرسہ رجسٹریشن کے معاملہ پر مدارس نے حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے لیکن بلاجواز مدارس کو حراساں کرنا قبول نہیں ۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل نے ملک بھر میں مدارس عربیہ کے طلباء ،اساتذہ ،آئمہ اور خطباء کیلئے مختلف موضوعات پر معلوماتی اور تربیتی نشستوں کے پروگرام تشکیل دئیے ہیں جن میں ملک کے نامور سکالرز ،علماء ،مفکرین اور دانشور شریک ہوں گے۔

اس سلسلہ میں مرکزی وائس چیئرمین مولانا عبد الکریم ندیم کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔اس موقع پر صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، مولانا ایوب صفدر، پیر نعیم اللہ فاروقی،مولانا عمر عثمانی،،مولانا فہیم الحسن،مولانا رسال الدین آزاد ،مولاناقاری محمد مشتاق،مولانا عمار بلوچ ،مولانا اسلم قادری،مولانا ذکاء الرحمن ،مولانا محمد حسین آزادودیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :