ڈسٹرکٹ پولیس لائن میں ضلع ملتان کے سنئیر پولیس افسران کا اہم اجلاس

جمعرات 2 جولائی 2015 20:58

ملتان ۔2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) ڈسٹرکٹ پولیس لائن ملتان کے کانفرنس ہال میں ضلع ملتان کے سنئیر پولیس افسران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ،ضلع ملتان میں بطور سی پی او چارج سنبھالنے کے بعد سٹی پولیس آفیسر ملتان اظہر اکرام نے پہلے باضابطہ اجلاس کی صدارت کی۔میٹنگ میں ایس ایس پی آپریشنز ملتان ڈاکٹر عاطف اکرام، ایس پی کینٹ سیف اللہ خٹک، ایس پی سٹی خالد رؤف، ایس پی صدر عاطف نذیر، ایس پی گلگشت احمد آصف بگھیو، تمام ایس ڈی پی اوز ، ایس ایچ اوز اور تمام برانچز کے انچارج صاحبان نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع ملتان پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور اسے آئندہ مزید بہتر بنانے کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لے کر مختلف احکامات جاری کئے گئے۔

(جاری ہے)

سٹی پولیس آفیسر ملتان اظہر اکرام نے پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایچ او صرف وہی اپنی سیٹ پر رہے گا جو کہ معیار پر پورا اترے گا ۔ انھوں نے کہا کہ ایس ایچ او اور محرر پر محکمہ پولیس اور اس کی عزت انحصار کرتی ہے اس لئے ان افسران کو عوام کے ساتھ اپنی ڈیلنگ کو بہتر بنانا ہوگا۔

انھوں نے مزید کہا کہ اگر خواتین سائل تھانے آئیں تو انھیں فوری داد رسی مہیا کی جائے گی ۔ ضلعی پولیس سربراہ نے کہا کہ خواتین کے تحفظ اور ان سے متعلق سنگین مقدمات کو ایس پی لیول کے افسران خود دیکھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ سراغ رسانی میں کامیابی اور نتائج حاصل کرنے کیلئے محافظ اسکواڈ اور سی آئی اے کی ٹیمز کے ساتھ رابطے میں رہیں اور انھیں تازہ ترین معلومات سے آگاہ رکھیں تاکہ یہ شعبے بھی اپنا فعال کردار ادا کر سکیں۔

انھوں نے کہا کہ میں سختی سے انتباہ کر رہا ہوں کہ کوئی ایس ایچ او ، تھانہ یا پولیس افسر مجھے کرپشن میں ملوث نہ دکھائی دے اور ایس ڈی پی او ز خود کرپشن کو کنٹرول کریں ورنہ کسی بھی شکایت کی صورت میں میں کرپٹ عناصر کو ہرگز معاف نہیں کروں گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ کنٹرول پر چلنے والی اطلاع پر فوری ریسپانس کریں اور وقوعہ پر پہنچنے میں ہرگز تاخیر نہ برتی جائے ، تمام مقدمات کی تفتیش میرٹ پر کی جائے اور کسی بھی سیاسی یا بااثر شخصیت کے اثر کو ہرگز قبول نہ کیا جائے ۔

انھوں نے سختی سے ہدایت کی کہ ریپ اور دیگر کیسز کو سائنسی بنیادوں حل کیا جائے اور لیبارٹری ٹیسٹ کا بلا تاخیر سہارہ لیا جائے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پینڈنگ مقدمات کو فوری طور پر نمٹایا جائے اور تفتیش کے عمل میں تاخیر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سٹی پولیس آفیسر ملتان نے قتل کے مقدمات کے لئے ایک علیحدہ سیل بنانے کا حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ قتل کے مقدمات کی تفتیش صرف یہی سیل کرے گا جو کہ ضلع کے باصلاحیت، ایماندار اور پیشہ ورانہ امور میں مہارت رکھنے والے سنئیر پولیس افسران پر مشتمل ہوگا۔

علاوہ ازیں تھانوں کے مسائل کو زیر بحث لاتے ہوئے مختلف احکامات جاری کرتے ہوئے سٹی پولیس آفیسر ملتان نے کہا کہ ماڈل تھانوں میں پڑھے لکھے پولیس افسران کوایڈمن آفیسر تعینات کیا جائے ۔ انھوں نے تھانوں میں فوری طور پر سٹیشنری اور دیگر اشیائے ضرورت جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تھانوں کی بنیادی ضروریات کو فوری پورا کیا جائے گا مگر کسی قسم کی عوامی شکایت ہرگز برداشت نہ کی جائے گی۔

اس موقع پر رمضان بازار، یوم حضرت علی اور عید شاپنگ کے موقع پر بازاروں کی سیکیورٹی امور کو بھی زیر بحث لایا گیا اور اسے موثر بنانے کیلئے احکامات جاری کئے گئے۔ضلعی پولیس سربراہ نے حکم جاری کیا کہ ناکہ ڈیوٹی کے دوران ہرگز اچانک فائر نہ کھولا جائے تاکہ معصوم لوگوں کی زندگیاں محفوظ رہیں۔سی پی او ملتان نے حساس مقامات کی سیکیورٹی کو انتہائی اہم قرار دیا اور تمام پٹرول پمپس، بنکس اور دیگر اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کا حکم جاری کیا۔ سی پی او ملتان نے عوام میں نفرت پھیلانے والے عناصر کو سختی سے نمٹنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان ہماری اولین ترجیح ہے اور جدید قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ۔

متعلقہ عنوان :