جنگلات کی غیرقانونی کٹائی میں ملوث عناصر کو سخت اور مثالی سزا دینی ہوگی، وفاقی وزیر مشاہد اللہ خان

تمام صوبوں میں جنگلات کے تحفظ میں کردار ادا کرنے والے محکمہ جنگلات کے ایماندار اور محنت کش افسران اور ان کے عملے کی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی

جمعرات 2 جولائی 2015 20:42

اسلام آباد ۔ 2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ جنگلات کی غیرقانونی کٹائی کے خلاف قومی سطح پر سخت اقدام کرنے کی ضرورت ہے اور اس میں ملوث عناصر کو سخت اور مثالی سزا دینی ہوگی، تمام صوبوں میں جنگلات کے تحفظ میں کردار ادا کرنے والے محکمہ جنگلات کے ایماندار اور محنت کش افسران اور ان کے عملے کی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی۔

وفاقی وزیر نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو ہسپتال میں داخل کہوٹہ تحصیل کے سب ڈویژنل فاریسٹ آفیسر اور ان کے دو ساتھیوں کی عیادت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ماحولیاتی ماہر اور رکن قومی اسمبلی مریم اورنگزیب ، وفاقی وزارت کے انسپکٹر جنرل فاریسٹ سید محمود ناصر اور وزارت کے دوسرے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

کہوٹہ تحصیل کے سب ڈویژنل فاریسٹ آفیسرارشاد اللہ گوندل جنگلات کی غیرقانونی لکڑی کی چوری کوناکام بنانے کے واقعے میں اپنے دو ساتھیوں سمیت شدید زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ ان پر جنگلات کی غیرقانونی کٹائی میں ملوث مافیا کے 21کارندوں نے اپنے سرغنہ نے کہوٹہ تحصیل کے سرکاری گھون جنگل میں اس وقت حملہ کیا جب انہوں ایک ٹریکٹر ٹرالی میں تین لاکھ روپے کی غیرقانونی طور پر کاٹی گئی لکڑی جنگل سے باہر لے جانے سے روکی۔انہوں نے وزیر کو مزید بتایا کہ اس واقعے کی کہوٹہ تحصیل پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر داخل کرادی گئی ہے ۔

وفاقی وزیر مشاہد اللہ خان نے کہا کہ جنگلات کے سپاہیوں پر حملہ نہایت ہی افسوس ناک واقعہ ہے اور ان جنگلات کے دشمنوں کو کیفرِکردار تک پہنچاکر دوسرے لوگوں کے لیے مثال بنانا ہوگا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ جنگلات کی غیر قانی کٹائی میں ملوث مافیا کے خلاف ہمیں قومی سطح پر ملک کر جنگ لڑنا ہوگی جو ماحولیاتی بگاڑ کی اہم وجہ بن رہے ہیں اور اس سے لوگوں کی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

اس موقع پر رکن قومی اسمبلی مریم اورنگزیب نے میڈیاسے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنگلات کے دشمن درحقیقت ہمارے موجودہ اور آنے والی نسلوں کے دشمن ہیں اور ان کو ختم کرنا ہوگاورنہ ہمارے ماحولیاتی بگاڑ میں شدت آنے کے ساتھ ساتھ ہماری صحت کو بھی شدید خطرات لاحق ہوں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں ایسے دشمنوں کے خلاف سخت جنگ کرنا ہوگی۔